تاریخ اشاعت: May 5, 2026 - 2:25 PM
LDA Launches Major Crackdown on Illegal Commercial Buildings, Seals 125 Properties
غیر قانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف ایل ڈی اے کا بڑا آپریشن، 125 املاک سیل
▫️کینال روڈ، گلشن راوی، سمن آباد، گلبرگ، نیو گارڈن ٹاؤن، پی آئی اے روڈ اور سبزہ زار میں کارروائیاں کی گئیں
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر ایل ڈی اے کے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا میں غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن کیا۔ کارروائیاں کینال روڈ، گلشن راوی، سمن آباد، گلبرگ، نیو گارڈن ٹاؤن، پی آئی اے روڈ اور سبزہ زار سمیت مختلف علاقوں میں کی گئیں۔
ایل ڈی اے حکام کے مطابق ٹیموں نے غیر قانونی کمرشل استعمال پر کینال روڈ، گلشن راوی اور سمن آباد میں 66 املاک سیل کیں، جبکہ پی آئی اے روڈ پر 24 املاک کو سیل کیا گیا۔ اسی طرح گلبرگ اور نیو گارڈن ٹاؤن میں غیر قانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 20 املاک کے خلاف کارروائی کی گئی۔
حکام نے بتایا کہ ریکوری آپریشن کے دوران سبزہ زار میں بھی 15 املاک سربمہر کی گئیں۔ سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، بیکری، فارمیسی، کلینک، گراسری اسٹورز، بیوٹی سیلون، ورکشاپس، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، دکانیں، دفاتر اور دیگر کاروباری مراکز شامل ہیں۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی زیر نگرانی کیا گیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔