تاریخ اشاعت: April 23, 2026 - 4:35 PM
LDA Launches Major Crackdown on Illegal Commercial Sctivities, 124 Properties Sealed Across Multiple Areas
ایل ڈی اے کا غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بڑا آپریشن، مختلف علاقوں میں 124 املاک سیل
▫️ڈی جی طاہر فاروق کی ہدایت پر ٹاؤن پلاننگ ونگ متحرک، گلبرگ، فیصل ٹاؤن سمیت متعدد علاقوں میں کارروائیاں
ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) طاہر فاروق کی ہدایت پر ایل ڈی اے کے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے مختلف علاقوں میں مجموعی طور پر 124 املاک کو سربمہر کر دیا۔
ایل ڈی اے کے مطابق کارروائیاں گلبرگ، فیصل ٹاؤن، کینال روڈ، سمن آباد، گلشن راوی، علامہ اقبال ٹاؤن اور سبزہ زار سمیت مختلف علاقوں میں کی گئیں، جہاں غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر سخت ایکشن لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ٹیموں نے گلبرگ اور فیصل ٹاؤن میں غیرقانونی کمرشل استعمال پر 20 املاک سیل کیں، جبکہ کینال روڈ، سمن آباد اور گلشن راوی میں کمرشل فیس کی عدم ادائیگی اور خلاف ورزیوں پر 62 املاک کو سربمہر کیا گیا۔ اسی طرح ریکوری آپریشن کے دوران علامہ اقبال ٹاؤن اور سبزہ زار میں مزید 42 املاک کو سیل کیا گیا۔
سیل کی گئی املاک میں نجی سکولز، بیکریز، بیوٹی سیلونز، فارمیسیز، کلینکس، گراسری اسٹورز، آٹو ورکشاپس، الیکٹرک اسٹورز، ریسٹورنٹس، فوڈ پوائنٹس، دکانیں اور دفاتر سمیت دیگر کاروباری مراکز شامل ہیں۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان کی نگرانی میں انجام دیا گیا۔ ایل ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہر میں قوانین کی عملداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔