تاریخ اشاعت: April 27, 2026 - 4:19 PM
LDA Launches Major Crackdown, Seals 168 Properties Over Illegal Commercial Use
ایل ڈی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، غیرقانونی کمرشل استعمال پر 168 املاک سیل کر دی گئیں
▫️سیل کی گئی عمارتوں میں نجی بینک، تعلیمی ادارے، کلینکس اور دکانیں شامل، کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بھی سخت اقدام
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے مختلف رہائشی و کمرشل اسکیموں میں مجموعی طور پر 168 املاک کو سیل کر دیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایات پر کی جانے والی اس کارروائی میں پی سی ایس آئی آر سوسائٹی، کالج روڈ، ناز ٹاؤن، یو ای ٹی سوسائٹی، گلبرگ، فیصل ٹاؤن، کینال روڈ، گلشن راوی اور علامہ اقبال ٹاؤن سمیت متعدد علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی ایس آئی آر سوسائٹی، کالج روڈ، ناز ٹاؤن اور یو ای ٹی سوسائٹی میں 90 املاک غیرقانونی کمرشل استعمال پر سیل کی گئیں، جبکہ گلبرگ اور فیصل ٹاؤن میں 19، کینال روڈ اور گلشن راوی میں 24 اور علامہ اقبال ٹاؤن میں ریکوری آپریشن کے دوران 35 املاک سیل کی گئیں۔
سیل کی گئی املاک میں نجی بینک، سکول، کالج، اکیڈمیز، بیکریاں، فارمیسی، بیوٹی سیلون، کلینکس، گراسری اسٹورز، آٹو ورکشاپس، الیکٹرک اسٹورز، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، دفاتر اور دیگر تجارتی سرگرمیاں شامل ہیں۔
کارروائی چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی نگرانی میں عمل میں لائی گئی۔ ایل ڈی اے حکام کے مطابق غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔