تاریخ اشاعت: May 15, 2026 - 9:47 AM
LDA Launches Major Operation Against 6 Illegal Housing Schemes in Lahore, Seals Offices and Demolishes Infrastructure
لاہور میں 6 غیرقانونی رہائشی سکیموں کے خلاف ایل ڈی اے کا گرینڈ آپریشن، دفاتر سیل، انفراسٹرکچر مسمار
▫️نیو عامر ٹاؤن، لاہور میڈیکل سٹی کے مختلف فیزز، غوث گارڈن فیز فور، علی ولاز، نیو پام ولاز اور عابد گارڈن کے خلاف کارروائی کی گئی
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے شہر میں غیرقانونی رہائشی سکیموں کے خلاف جاری مہم کے دوران 6 سکیموں کے خلاف گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے دفاتر سیل کر دیے جبکہ سڑکیں، باؤنڈری والز، سیوریج سسٹم اور دیگر انفراسٹرکچر مسمار کر دیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر ڈائریکٹوریٹ آف میٹرو پولیٹن پلاننگ تھری نے غیرقانونی رہائشی سکیموں کے خلاف کارروائی کی۔ ایل ڈی اے ٹیموں نے نیو عامر ٹاؤن، لاہور میڈیکل سٹی فیز ون، فیز ٹو، فیز تھری اور غوث گارڈن فیز فور کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیرقانونی تعمیرات اور ترقیاتی کاموں کو مسمار کیا۔
حکام کے مطابق کارروائی کے دوران علی ولاز فیز ون، نیو پام ولاز اور عابد گارڈن کے خلاف بھی آپریشن کیا گیا۔ ایل ڈی اے ٹیموں نے ان سکیموں میں قائم غیرقانونی دفاتر سیل کر دیے جبکہ غیرمنظور شدہ انفراسٹرکچر، سڑکوں، باؤنڈری والز اور سیوریج سسٹم کو مشینری کی مدد سے ختم کر دیا گیا۔
یہ آپریشن چیف میٹرو پولیٹن پلاننگ کی نگرانی میں کیا گیا، جس میں ایل ڈی اے انفورسمنٹ سکواڈ اور پولیس کی نفری نے بھی حصہ لیا تاکہ کارروائی کو مؤثر اور پرامن انداز میں مکمل کیا جا سکے۔
ایل ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایات پر شہر بھر میں غیرقانونی رہائشی سکیموں، غیرقانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف کارروائیاں مسلسل جاری ہیں۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی رہائشی سکیم میں سرمایہ کاری یا پلاٹ خریدنے سے پہلے اس کی قانونی حیثیت ایل ڈی اے سے ضرور تصدیق کرائیں۔