تاریخ اشاعت: August 6, 2026 - 12:05 PM
LDA Seals 103 Properties in Major Crackdown on Illegal Commercial Buildings in Lahore
لاہور میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف ایل ڈی اے کا بڑا آپریشن، 103 املاک سیل
▫️ڈی جی ایل ڈی اے کا غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھنے کا اعلان
ڈی جی لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) طاہر فاروق کی ہدایت پر ٹاؤن پلاننگ ونگ نے غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف لاہور کے مختلف علاقوں میں بھرپور آپریشن کرتے ہوئے مجموعی طور پر 103 املاک سیل کر دیں۔
ایل ڈی اے کے مطابق کارروائیاں گلبرگ، نیو گارڈن ٹاؤن، چائنہ سکیم، شادمان، پونچھ روڈ، نیو مسلم ٹاؤن اور علامہ اقبال ٹاؤن میں کی گئیں۔ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان کی نگرانی میں انجام دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق غیرقانونی کمرشل استعمال پر گلبرگ اور نیو گارڈن ٹاؤن میں 29 املاک سیل کی گئیں، جبکہ کمرشل فیس کی عدم ادائیگی اور غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں پر چائنہ سکیم، شادمان، پونچھ روڈ اور نیو مسلم ٹاؤن میں 59 املاک سربمہر کی گئیں۔ اس کے علاوہ ریکوری آپریشن کے دوران علامہ اقبال ٹاؤن میں 15 املاک کو بھی سیل کر دیا گیا۔
سیل کی جانے والی املاک میں نجی سکول، کالج، اکیڈمیاں، ہال، بیوٹی سیلون، کیفے، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، گراسری سٹور، کلینکس، ہارڈ ویئر اور الیکٹرک سٹور، فارمیسیاں، دکانیں، کار شوروم، دفاتر اور دیگر تجارتی مراکز شامل ہیں۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا ہے کہ غیرقانونی کمرشل استعمال، غیرمنظور شدہ تجارتی سرگرمیوں اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی، جبکہ شہر میں تعمیراتی اور کمرشل قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔