تاریخ اشاعت: July 14, 2026 - 2:25 PM
LDA Seals 108 Properties in Lahore Crackdown on Illegal Commercial Use
لاہور میں غیر قانونی کمرشل استعمال کے خلاف ایل ڈی اے کا کریک ڈاؤن، 108 املاک سیل
▫️گلبرگ، نیو گارڈن ٹاؤن، شادمان، واپڈا ٹاؤن اور سبزہ زار میں کارروائیاں؛ سکول، کیفے، ریستوران، کلینکس اور دفاتر بھی سیل
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے غیر قانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی کے خلاف شہر کے مختلف علاقوں میں بڑا آپریشن کرتے ہوئے 108 املاک سیل کر دیں۔
کارروائی ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر ٹاؤن پلاننگ ونگ کی جانب سے ایل ڈی اے کے زیر انتظام علاقوں میں کی گئی۔ آپریشن کے دوران گلبرگ، نیو گارڈن ٹاؤن، شادمان، واپڈا ٹاؤن اور سبزہ زار میں متعدد املاک کو قواعد کی خلاف ورزی پر سیل کیا گیا۔
ایل ڈی اے حکام کے مطابق گلبرگ اور نیو گارڈن ٹاؤن میں غیر قانونی کمرشل استعمال پر 30 جبکہ شادمان میں 23 اور واپڈا ٹاؤن میں 30 املاک کے خلاف کارروائی کی گئی۔
اسی طرح ریکوری آپریشن کے دوران سبزہ زار میں کمرشل فیس نادہندہ 25 املاک سیل کی گئیں۔
سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، گراسری سٹور، کیفے، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، بیکریاں، بیوٹی سیلون، کلینکس، ورکشاپس، دکانیں، دفاتر اور دیگر کاروباری مراکز شامل ہیں۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی نگرانی میں کیا گیا، جبکہ مختلف ٹیموں نے متعلقہ علاقوں میں کارروائی مکمل کی۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا کہ غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ شہری ترقیاتی قوانین کی خلاف ورزی اور رہائشی املاک کے غیر مجاز کمرشل استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی۔