تاریخ اشاعت: June 10, 2026 - 3:05 PM
LDA Seals 116 Properties in Major Operation Against Illegal Commercial Buildings Across Lahore
ایل ڈی اے کا غیر قانونی کمرشل عمارتوں کے خلاف بڑا آپریشن، مختلف علاقوں میں 116 املاک سیل کر دی گئیں
▫️کارروائیاں گلبرگ، ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن، جی ٹی روڈ، گلشن راوی، سمیت مختلف علاقوں میں کارروائیاں کی گئیں۔ سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، بیوٹی سیلون، کلینکس، گراسری سٹورز، کیفے، ریسٹورینٹس، فارمیسیز، دکانیں، دفاتر اور دیگر کاروباری مراکز شامل
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ مزید تیز کر دیا ہے۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر ایل ڈی اے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے ایل ڈی اے کنٹرولڈ ایریا کے مختلف علاقوں میں بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے 116 املاک سیل کر دیں۔
ایل ڈی اے ٹیموں نے گلبرگ، ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن، جی ٹی روڈ، گلشن راوی، سمن آباد، گورنمنٹ ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سکیم، مصطفی ٹاؤن اور اعظم گارڈن سمیت مختلف مقامات پر کارروائیاں کیں۔ آپریشن کے دوران غیر قانونی کمرشل استعمال، بلڈنگ قوانین کی خلاف ورزی اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر متعدد املاک کو سیل کیا گیا۔
ایل ڈی اے کے مطابق گلبرگ اور ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن میں غیر قانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 27 املاک سربمہر کی گئیں۔ اسی طرح جی ٹی روڈ، گلشن راوی اور سمن آباد میں غیر قانونی کمرشل استعمال پر 52 املاک سیل کی گئیں، جبکہ گورنمنٹ ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سکیم میں 15 املاک کے خلاف کارروائی کی گئی۔
ٹاؤن پلاننگ ونگ کی ٹیموں نے ریکوری آپریشن کے دوران مصطفی ٹاؤن اور اعظم گارڈن میں بھی کارروائی کرتے ہوئے مزید 22 املاک سربمہر کر دیں۔ حکام کے مطابق ان کارروائیوں کا مقصد غیر قانونی کمرشل سرگرمیوں کی روک تھام، واجبات کی وصولی اور ایل ڈی اے قوانین پر عمل درآمد یقینی بنانا ہے۔
سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، بیوٹی سیلون، کلینک، گراسری سٹور، کیفے، ریستوران، فوڈ پوائنٹ، الیکٹرک سٹور، اسٹیٹ آفس، بیکری، فارمیسی، آٹو ورکشاپ، دکانیں، دفاتر اور دیگر کاروباری مراکز شامل ہیں۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی زیر نگرانی کیا گیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کا کہنا ہے کہ غیر قانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس نادہندگان کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی، جبکہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔