تاریخ اشاعت: July 21, 2026 - 3:40 PM
LDA Seals 147 Properties in Lahore Over Illegal Commercial Use
لاہور میں ایل ڈی اے کا بڑا آپریشن، غیرقانونی کمرشل استعمال پر 147 املاک سیل
▫️سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، کلینکس، فارمیسیز، کیفے، ریستوران، بیوٹی سیلون ، دکانیں اور دفاتر شامل، فیس نادہندگان کے خلاف کارروائیاں جاری
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں کے خلاف ایل ڈی اے کنٹرولڈ علاقوں میں بڑا آپریشن کیا، جس کے دوران مجموعی طور پر 147 املاک کو سیل کر دیا گیا۔
ترجمان ایل ڈی اے کے مطابق کارروائیاں جی ٹی روڈ، گجرپورہ، شادمان، فیصل ٹاؤن اور سبزہ زار میں کی گئیں۔ غیرقانونی کمرشل استعمال پر جی ٹی روڈ، گجرپورہ اور شادمان میں 89 املاک سیل کی گئیں، جبکہ ریکوری آپریشن کے دوران فیصل ٹاؤن میں 25 اور سبزہ زار میں 33 املاک کو بھی سیل کیا گیا۔
سیل کی گئی املاک میں نجی سکول، کلینکس، فارمیسیاں، گراسری سٹور، کیفے، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، الیکٹرک سٹور، بیکریاں، بیوٹی سیلون، آٹو ورکشاپس، دفاتر اور دیگر کمرشل دکانیں شامل ہیں۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان کی نگرانی میں کیا گیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا ہے کہ غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی کرنے والی املاک کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی۔