تاریخ اشاعت: July 3, 2026 - 3:18 PM
LDA Seals 200 Properties in Major Crackdown on Illegal Commercial Use and Fee Defaulters in Lahore
لاہور میں ایل ڈی اے کا بڑا کریک ڈاؤن، غیرقانونی کمرشل استعمال اور نادہندہ املاک سمیت 200 جائیدادیں سیل
▫️گلبرگ، فیصل ٹاؤن، سمن آباد، گلشن راوی، واپڈا ٹاؤن، لاہور ایونیو، اقبال ایونیو، کینال روڈ اور دیگر علاقوں میں کارروائیاں، سکول، کلینکس، کیفے، ریسٹورنٹس اور متعدد کاروباری مراکز بھی سیل
ڈائریکٹر جنرل لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) طاہر فاروق کی ہدایت پر ایل ڈی اے کے ٹاؤن پلاننگ ونگ نے شہر بھر میں غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کرتے ہوئے مجموعی طور پر 200 املاک سیل کر دیں۔
ایل ڈی اے کے مطابق کارروائیاں گلبرگ، فیصل ٹاؤن، لاہور ایونیو، واپڈا ٹاؤن، اقبال ایونیو، مختلف پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں، سمن آباد، کینال روڈ، گلشن راوی، مصطفی ٹاؤن اور اعظم گارڈن سمیت متعدد علاقوں میں کی گئیں، جہاں غیرقانونی کمرشل سرگرمیوں میں ملوث املاک کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ترجمان ایل ڈی اے کے مطابق گلبرگ اور فیصل ٹاؤن میں غیرقانونی کمرشل استعمال پر 30 املاک سربمہر کی گئیں، جبکہ سمن آباد، کینال روڈ اور گلشن راوی میں 49 املاک کو سیل کیا گیا۔
اسی طرح لاہور ایونیو، واپڈا ٹاؤن، اقبال ایونیو اور مختلف پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیموں میں غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 105 املاک کو سربمہر کیا گیا۔ علاوہ ازیں ریکوری آپریشن کے دوران مصطفی ٹاؤن اور اعظم گارڈن میں مزید 16 املاک کو بھی سیل کر دیا گیا۔
ایل ڈی اے کے مطابق سربمہر کی جانے والی املاک میں نجی سکول، کالج، اکیڈمیاں، کلینکس، فارمیسیاں، گراسری سٹورز، کیفے، ریسٹورنٹس، فوڈ پوائنٹس، بیکریاں، الیکٹرک اور ہارڈ ویئر سٹورز، بیوٹی سیلونز، آٹو ورکشاپس، دکانیں، دفاتر اور دیگر کاروباری مراکز شامل ہیں۔
یہ آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان اور چیف ٹاؤن پلانر ٹو اظہر علی کی نگرانی میں انجام دیا گیا، جبکہ مختلف انفورسمنٹ ٹیموں نے شہر کے مختلف علاقوں میں بیک وقت کارروائیاں کیں۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا ہے کہ غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں آئندہ بھی جاری رہیں گی اور شہری منصوبہ بندی کے قوانین پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔