تاریخ اشاعت: August 19, 2026 - 4:29 PM
LDA Seals 80 Properties in Major Crackdown on Illegal Commercial Use Across Lahore
لاہور میں غیرقانونی کمرشل استعمال کے خلاف ایل ڈی اے کا بڑا آپریشن، 80 املاک سیل
▫️گلبرگ، ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن، کینال روڈ، شادمان، نیو مسلم ٹاؤن، پونچھ روڈ اور مصطفی ٹاؤن میں کارروائیاں، نجی سکول، کلینک، بیوٹی سیلون، کیفے، ریستوران، دکانیں، شو روم اور دفاتر سیل
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے شہر کے مختلف علاقوں میں غیرقانونی کمرشل استعمال اور کمرشل فیس کی عدم ادائیگی کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے مجموعی طور پر 80 املاک سربمہر کر دیں۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق کی ہدایت پر ٹاؤن پلاننگ ونگ کی ٹیموں نے ایل ڈی اے کے زیر کنٹرول علاقوں میں کارروائیاں کیں۔ آپریشن کے دوران گلبرگ، ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن، کینال روڈ، شادمان، نیو مسلم ٹاؤن، پونچھ روڈ اور مصطفی ٹاؤن میں مختلف رہائشی اور کمرشل املاک کی جانچ کے بعد خلاف ورزیوں پر انہیں سربمہر کیا گیا۔
ایل ڈی اے کے مطابق گلبرگ اور ماڈل ٹاؤن ایکسٹینشن میں رہائشی املاک کے غیرقانونی کمرشل استعمال پر 25 املاک سربمہر کی گئیں۔
اسی طرح کینال روڈ، شادمان، نیو مسلم ٹاؤن اور پونچھ روڈ پر غیرقانونی کمرشل استعمال اور واجب الادا کمرشل فیس کی عدم ادائیگی پر 47 املاک سیل کی گئیں۔
ٹاؤن پلاننگ ونگ کی ٹیموں نے مصطفی ٹاؤن میں واجبات کی وصولی کیلئے الگ کارروائی کرتے ہوئے مزید 8 املاک سربمہر کر دیں۔ اس طرح مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران سیل کی گئی املاک کی مجموعی تعداد 80 ہوگئی۔
ایل ڈی اے کے مطابق سربمہر کی گئی املاک میں نجی سکول، کلینک، بیوٹی سیلون، کیفے، ریستوران، فوڈ پوائنٹس، گراسری سٹور، ہارڈ ویئر سٹور، فارمیسی، مختلف دکانیں، شو روم، دفاتر اور دیگر کاروباری مراکز شامل ہیں۔
حکام کے مطابق کارروائی ان املاک کے خلاف کی گئی جہاں منظور شدہ استعمال کے برعکس کمرشل سرگرمیاں جاری تھیں یا مالکان کی جانب سے واجب الادا کمرشل فیس ادا نہیں کی گئی تھی۔
آپریشن چیف ٹاؤن پلانر ون اسد الزمان کی نگرانی میں کیا گیا جبکہ ٹاؤن پلاننگ ونگ کی متعلقہ ٹیموں نے مختلف علاقوں میں بیک وقت کارروائیوں میں حصہ لیا۔
ڈی جی ایل ڈی اے طاہر فاروق نے کہا ہے کہ ایل ڈی اے کے زیر کنٹرول علاقوں میں غیرقانونی کمرشل عمارتوں اور کمرشل فیس کے نادہندگان کے خلاف کارروائیاں بلاامتیاز جاری رہیں گی۔ انہوں نے متعلقہ شعبوں کو ہدایت کی کہ بلڈنگ اور کمرشلائزیشن قوانین کی خلاف ورزیوں کے خلاف مؤثر کارروائی یقینی بنائی جائے۔