تاریخ اشاعت: April 10, 2026 - 5:56 PM
LHC Extends Stay on Construction at Lahore’s Historic Gates Amid Environmental Concerns
لاہور ہائیکورٹ: شہر کے تاریخی دروازوں پر تعمیراتی کام روکنے کے حکم امتناعی میں توسیع
▫️عدالت نے آلودگی میں کمی کے لیے ڈبلیو ڈبلیو ایف کی تجاویز اپنانے کی ہدایت جاری کر دی
لاہور : ری نیوز پاکستان لاہور ہائیکورٹ نے شہر لاہور کے تاریخی مقامات شیرانوالہ گیٹ اور ٹکسالی گیٹ پر تعمیراتی کام کے خلاف عائد حکم امتناع میں توسیع کر دی، جبکہ ماحولیاتی مسائل سے متعلق درخواستوں کی سماعت 16 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔ ...
لاہور ہائیکورٹ نے شہر لاہور کے تاریخی مقامات شیرانوالہ گیٹ اور ٹکسالی گیٹ پر تعمیراتی کام کے خلاف عائد حکم امتناع میں توسیع کر دی، جبکہ ماحولیاتی مسائل سے متعلق درخواستوں کی سماعت 16 اپریل تک ملتوی کر دی گئی۔
سماعت کے دوران عدالت نے اس بات پر زور دیا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی آلودگی پر قابو پانے کے لیے ورلڈ وائلڈ فنڈ فار نیچر (WWF) کی جانب سے پیش کی گئی تجاویز پر عمل درآمد ضروری ہے تاکہ ماحولیاتی صورتحال بہتر بنائی جا سکے۔
عدالت نے پارکس اینڈ ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کو ہدایت کی کہ درختوں کی کٹائی کی مؤثر نگرانی اور روک تھام کے لیے ایک علیحدہ ٹری آفیسر تعینات کیا جائے۔ عدالت نے شہر میں درختوں کی کٹائی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ماحولیاتی تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔
عدالت نے محکمہ جنگلات کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسے پی ایچ اے کے ساتھ مشترکہ طور پر کام کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ مزید کہا گیا کہ پی ایچ اے کو اپنی ادارہ جاتی صلاحیت مضبوط کرنی چاہیے تاکہ آلودگی میں کمی کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
مزید برآں، عدالت نے پی ایچ اے گوجرانوالہ کو عوامی پارکس اور باغات کو تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے سے روک دیا اور شہر میں مارکیٹوں کے اوقات کار کی سختی سے پابندی یقینی بنانے پر زور دیا۔
عدالت نے تاریخی مقامات پر واقع مذکورہ دونوں دروازوں کے حوالے سے ہدایات جاری کرنے کے بعد کیس کی مزید سماعت 16 اپریل تک ملتوی کر دی۔