تاریخ اشاعت: July 27, 2026 - 6:08 PM
Monsoon 2026: LDA Issues Advisory Urging Citizens to Stay Away from Dilapidated and Dangerous Buildings
مون سون 2026: بوسیدہ اور خطرناک عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت، ایل ڈی اے نے شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری کر دی
لاہور ہائیکورٹ کے احکامات پر ایل ڈی اے کی مہم جاری، خطرناک عمارتوں کے مالکان اور رہائشی اپنی اور دوسروں کی جانوں کے تحفظ کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں
لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے مون سون 2026 کے پیش نظر شہریوں، بالخصوص بوسیدہ اور خطرناک عمارتوں کے مالکان اور رہائشیوں کے لیے احتیاطی ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے دوران خستہ حال عمارتوں، کمزور چھتوں، شکستہ بالکونیوں اور دیگر غیر محفوظ ڈھانچوں میں رہائش اختیار نہ کی جائے اور نہ ہی ایسی عمارتوں کے قریب غیر ضروری آمدورفت کی جائے۔
ایل ڈی اے کے مطابق بارشوں کے باعث بوسیدہ عمارتوں کے گرنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جس سے قیمتی انسانی جانوں اور املاک کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا خطرناک عمارت کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ اداروں کو دیں تاکہ بروقت کارروائی کی جا سکے۔
ایل ڈی اے کی طرف سے جاری اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے احکامات کے تحت بوسیدہ اور خطرناک عمارتوں کے خلاف اقدامات جاری ہیں اور تمام متعلقہ مالکان و رہائشی اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے حفاظتی تدابیر اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔