تاریخ اشاعت: March 23, 2026 - 9:40 PM
Multibillion Nilor Heights Housing Project Faces Delay as Revival Decision Pending
اسلام آباد میں اربوں روپے کا نیلور ہائٹس ہاؤسنگ منصوبہ تاخیر کا شکار، بحالی کا فیصلہ تاحال نہ ہو سکا
▫️ادھورا منصوبہ خستہ حالی کا شکار، حکومت اور سی ڈی اے کی عدم فیصلہ سازی پر سوالات
اسلام آباد | ری نیوز پاکستان اسلام آباد میں اربوں روپے مالیت کا نیلور ہائٹس اپارٹمنٹ منصوبہ حکومتی سطح پر عدم فیصلہ سازی کے باعث شدید تاخیر کا شکار ہو گیا ہے، جبکہ ادھورا چھوڑا گیا اس کا ڈھانچہ وقت گزرنے کے ساتھ خستہ حالی اختیار کرتا ...
اسلام آباد میں اربوں روپے مالیت کا نیلور ہائٹس اپارٹمنٹ منصوبہ حکومتی سطح پر عدم فیصلہ سازی کے باعث شدید تاخیر کا شکار ہو گیا ہے، جبکہ ادھورا چھوڑا گیا اس کا ڈھانچہ وقت گزرنے کے ساتھ خستہ حالی اختیار کرتا جا رہا ہے۔
یہ میگا ہاؤسنگ منصوبہ 2021 میں شروع کیا گیا تھا اور منصوبہ بندی کے مطابق اسے 24 ماہ کے اندر، یعنی 30 جون 2023 تک مکمل ہونا تھا، تاہم فنڈنگ اور ادارہ جاتی مسائل کے باعث اسے درمیان میں ہی روک دیا گیا۔
یہ منصوبہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے اپنی اراضی پر نیا پاکستان ہاؤسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی (این پی ایچ ڈی اے) کے ساتھ شراکت داری میں شروع کیا تھا۔ معاہدے کے تحت این پی ایچ ڈی اے نے منصوبے کی لاگت میں حصہ ڈالنا اور اپنے رجسٹرڈ ممبران کو اپارٹمنٹس فراہم کرنا تھا۔
تاہم این پی ایچ ڈی اے کی جانب سے مالی واجبات ادا نہ کیے جانے کے باعث 2023 میں منصوبے پر کام روک دیا گیا، اس وقت تک 60 بلاکس کا گرے اسٹرکچر مکمل کیا جا چکا تھا۔
طویل عرصے سے تعطل کا شکار رہنے کے باعث عمارتوں کے ڈھانچے کو نقصان پہنچنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے، جبکہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر فوری طور پر بحالی کا فیصلہ نہ کیا گیا تو لاگت میں مزید اضافہ اور انفراسٹرکچر کو ناقابل تلافی نقصان ہو سکتا ہے۔
وفاقی حکومت اور سی ڈی اے کے درمیان منصوبے کی بحالی یا اس کے متبادل حل پر تاحال کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہو سکا، جس کے باعث یہ اہم رہائشی منصوبہ غیر یقینی صورتحال کا شکار ہے۔
شہری حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے کی فوری بحالی یا نئی حکمت عملی کے تحت اسے مکمل کیا جائے تاکہ عوام کو رہائش کی سہولت فراہم ہو سکے اور قومی وسائل کے ضیاع کو روکا جا سکے۔