تاریخ اشاعت: May 6, 2026 - 11:50 AM
MWMC Issues Strict Ultimatum to Contractors for Eid ul Adha Cleanliness Plan
عیدالاضحیٰ سے قبل صفائی انتظامات، ایم ڈبلیو ایم سی کا کنٹریکٹرز کو سخت الٹی میٹم
▫️سی ای او ذوالفقار احمد کا ملتان کے مختلف علاقوں کا دورہ، صفائی میں کوتاہیوں پر اظہارِ برہمی
ملتان ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایم ڈبلیو ایم سی) نے عیدالاضحیٰ سے قبل شہر بھر میں مثالی صفائی انتظامات یقینی بنانے کے لیے کنٹریکٹرز کو سخت الٹی میٹم جاری کر دیا ہے۔ شہریوں کو صاف، محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے کمپنی نے عید کے دنوں کے لیے خصوصی صفائی حکمتِ عملی بھی حتمی شکل دے دی ہے۔
ایم ڈبلیو ایم سی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ذوالفقار احمد نے صبح سویرے شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور فیلڈ عملے کی کارکردگی سمیت صفائی کے معیار کا جائزہ لیا۔ انہوں نے نشتر کالونی، شادمان کالونی، طارق روڈ اور ابدالی روڈ میں صفائی آپریشنز کا معائنہ کیا۔
دورے کے دوران بعض مقامات پر صفائی کی صورتحال پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سی ای او نے کنٹریکٹرز اور آپریشنل اسٹاف کو ہدایت کی کہ ویسٹ کلیکشن، گلیوں کی صفائی اور مجموعی سروس ڈلیوری کو فوری طور پر بہتر بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر صفائی کے معاملات میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، کیونکہ قربانی کے جانوروں کی آلائشوں اور شہری سرگرمیوں میں اضافے کے باعث صفائی کی ضرورت کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔
ذوالفقار احمد نے قصور گردیزی روڈ، شاہین مارکیٹ اور اندرونِ شہر کے مختلف علاقوں میں صفائی انتظامات مزید بہتر بنانے کے لیے خصوصی ہدایات بھی جاری کیں۔ انہوں نے صفائی ٹیموں کو مسلسل نگرانی، فوری رسپانس اور شہری شکایات کے بروقت ازالے کا پابند کیا۔
سی ای او ایم ڈبلیو ایم سی نے کہا کہ شہریوں کو صاف ماحول فراہم کرنا کمپنی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ناقص کارکردگی دکھانے والے کنٹریکٹرز کے خلاف کمپنی کے قواعد کے تحت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ایم ڈبلیو ایم سی حکام کے مطابق عیدالاضحیٰ کے لیے جامع صفائی پلان تیار کر لیا گیا ہے، جس کے تحت شہر کے اہم علاقوں میں اضافی عملہ تعینات کیا جائے گا، ویسٹ کلیکشن کو تیز کیا جائے گا، فیلڈ نگرانی بڑھائی جائے گی اور آلائشوں کو فوری طور پر ٹھکانے لگانے کے اقدامات کیے جائیں گے تاکہ عید کے دنوں میں ملتان بھر میں صفائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔