تاریخ اشاعت: July 28, 2026 - 3:27 PM
NAB Seals Properties in Expanding Probe Into Alleged Lyari Expressway Resettlement Land Scam
لیاری ایکسپریس وے ری سیٹلمنٹ اراضی اسکینڈل کی تحقیقات تیز، نیب نے متعدد جائیدادیں سیل کر دیں
▫️جعلی پلاٹ فائلوں، غیرقانونی فروخت اور فلاحی مقاصد کیلئے مختص اراضی کے مبینہ غلط استعمال کی تحقیقات کے دوران 20 مکانات اور زیرِ تعمیر کمرشل پلازے سیل
قومی احتساب بیورو (نیب) نے لیاری ایکسپریس وے ری سیٹلمنٹ منصوبے سے متعلق مبینہ اراضی سکینڈل کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے کراچی میں ایک بڑی کارروائی کے دوران 20 رہائشی مکانات اور متعدد زیرِ تعمیر کمرشل پلازے سیل کر دیے۔
نیب کراچی کی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ کے حکام کے ہمراہ ایک نجی ہاؤسنگ سکیم میں کارروائی کی، جہاں مذکورہ جائیدادیں مبینہ طور پر عوامی سہولیات کیلئے مختص اراضی پر تعمیر کی گئی تھیں۔ حکام کے مطابق یہ کارروائی ری سیٹلمنٹ منصوبے سے منسلک مبینہ بدعنوانی، جعلی اراضی معاملات اور سرکاری زمین کے غیرقانونی استعمال کی وسیع تر تحقیقات کا حصہ ہے۔
نیب حکام کے مطابق لیاری ایکسپریس وے ری سیٹلمنٹ منصوبے سے وابستہ بعض افراد نے مبینہ طور پر دیگر افراد کے ساتھ ملی بھگت کرکے جعلی پلاٹ فائلیں تیار کیں اور انہیں شہریوں کو غیرقانونی طور پر فروخت کیا۔ تحقیقاتی حکام کا کہنا ہے کہ ان مبینہ جعلی معاملات کے بہت زیادہ غیرقانونی مالی فائدہ حاصل کیا گیا۔
نیب نے مزید الزام عائد کیا ہے کہ مبینہ فراڈ سے حاصل ہونے والی رقم کے ذریعے ضلع ٹھٹھہ میں تقریباً 25 ایکڑ اراضی خریدی گئی، جہاں بعد ازاں ایک نجی ہاؤسنگ سکیم قائم کی گئی۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد مبینہ طور پر غیرقانونی ذرائع سے حاصل ہونے والی رقم کو قانونی شکل دینا تھا۔
نیب اس سے قبل بھی اپنے ایک نوٹس میں مؤقف اختیار کر چکا ہے کہ لیاری ایکسپریس وے کی تعمیر سے متاثر ہونے والے خاندانوں کیلئے مختص پلاٹوں کے ساتھ ساتھ عوامی فلاح و بہبود کیلئے مخصوص زمین کو بھی مبینہ طور پر غیرقانونی طریقے سے دیگر افراد کو فروخت اور منتقل کیا گیا، جس کے نتیجے میں مستحق خاندان اپنے قانونی حق سے محروم ہوئے۔
لیاری ایکسپریس وے ری سیٹلمنٹ منصوبہ ایکسپریس وے کی تعمیر کے باعث بے گھر ہونے والے خاندانوں کو متبادل رہائش اور بحالی کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے شروع کیا گیا تھا۔
نیب کے مطابق معاملے کی تحقیقات بدستور جاری ہیں اور مزید شواہد سامنے آنے کی صورت میں ذمہ دار افراد کے خلاف مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے