تاریخ اشاعت: April 20, 2026 - 9:43 AM
Nawaz Sharif Raises Concerns Over Neela Gumbad Restoration, Orders Halt to Work
نیلا گنبد کی تزئین و آرائش پر نواز شریف کے تحفظات، کام روکنے کی ہدایت
▫️گلیز ٹائل مسترد، تاریخی طرز کے مطابق میٹ فنش بحال کرنے کا حکم
لاہور: [ری نیوز پاکستان] لاہور کے تاریخی ورثے نیلا گنبد کی تزئین و آرائش کے جاری منصوبے پر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کام کے معیار پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ نیلا گنبد پر اپنے حالیہ دورے کے دوران انہوں...
لاہور کے تاریخی ورثے نیلا گنبد کی تزئین و آرائش کے جاری منصوبے پر سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کام کے معیار پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔ نیلا گنبد پر اپنے حالیہ دورے کے دوران انہوں نے استعمال ہونے والی نئی ٹائلز کو مسترد کر دیا۔
ذرائع کے مطابق نواز شریف نے خاص طور پر گلیز ٹائل کے استعمال پر اعتراض اٹھایا اور اسے نیلا گنبد کی تاریخی حیثیت کے منافی قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس عمارت کی اصل پہچان میٹ فنش تاریخی ٹائلز سے جڑی ہوئی ہے، جسے ہر صورت برقرار رکھا جانا چاہیے۔
رپورٹس کے مطابق نئی ٹائلز نہ صرف ڈیزائن بلکہ ساخت اور موٹائی کے اعتبار سے بھی اصل طرز سے مختلف پائی گئیں، جبکہ پرانی اور نئی ٹائلز کے درمیان واضح فرق نے معاملے کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔ تزئین و آرائش کے عمل میں تکنیکی خامیوں اور غیر ہم آہنگ نقش و نگار کی بھی نشاندہی کی گئی ہے۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ منصوبے کی منظوری والڈ سٹی اتھارٹی کی جانب سے دی گئی، جس پر اعلیٰ سطح پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
نواز شریف نے ہدایت دی ہے کہ نیلا گنبد کی بحالی اس کی اصل تاریخی حالت کے مطابق یقینی بنائی جائے۔ اس مقصد کے لیے معروف ماہرینِ تعمیرات اور آرکیٹیکٹس پر مشتمل ایک بااختیار کمیٹی تشکیل دینے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایسے معاملات میں یکطرفہ فیصلے ہرگز قبول نہیں کیے جائینگے ۔
واضح رہے کہ نواز شریف لاہور اتھارٹی فار ہیریٹیج ریوائیول (لہر) کے سرپرست اعلیٰ ہیں ۔لہر حکومتِ پنجاب کا قائم کردہ ایک سرکاری ادارہ ہے، جو 2025 میں لاہور کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کی بحالی اور تحفظ کی نگرانی کے لیے تشکیل دیا گیا۔