پشاور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (پی ڈی اے) پشاور کے ریگی ماڈل ٹاؤن میں ناصر باغ روڈ پر مجوزہ کثیرالمقاصد بلندوبالا کمرشل کمپلیکس کے منصوبے کو مشترکہ منصوبے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کے تحت آگے بڑھا رہی ہے۔ اتھارٹی نے نجی شعبے کی شرکت کے لیے تجاویز طلب کرنے کی دستاویز، ریکویسٹ فار پروپوزل (آر ایف پی)، جاری کردی ہے۔ منصوبے کی جامع ترقی میں منصوبہ بندی، ڈیزائن، تعمیر، سرمایہ کاری، مارکیٹنگ، فروخت، انتظام اور آپریشنز شامل ہوں گے۔
منصوبے کے لیے مختص اراضی تقریباً 50 کنال ہے، جو دو لاکھ 72 ہزار 250 مربع فٹ یا 25 ہزار 293 مربع میٹر کے برابر ہے۔ یہ جگہ ریگی ماڈل ٹاؤن، ڈی ایچ اے پشاور اور ناردرن بائی پاس کوریڈور کو ملانے والے ایک اہم تجارتی سنگم پر واقع ہے۔ ایم ون موٹروے اور این فائیو سے رابطوں کے ساتھ شیخ یاسین ٹاؤن اور عسکری ہاؤسنگ سے قربت، مغربی پشاور میں پھیلتی رہائشی آبادیوں کی تجارتی ضروریات پوری کرنے کے لیے اس مقام کی اہمیت ظاہر کرتی ہے۔
منصوبے کے مجوزہ ڈھانچے کے تحت پی ڈی اے سرکاری اراضی فراہم کرے گی، جبکہ منتخب نجی شراکت دار سے تعمیر و ترقی کی مہارت، مالی وسائل اور منصوبے کو تجارتی بنیادوں پر عملی شکل دینے کی صلاحیت فراہم کرنے کی توقع ہے۔
اتھارٹی نے منصوبے میں مختلف تجارتی سرگرمیوں کی حتمی نوعیت اور تناسب کو لچکدار رکھا ہے، تاکہ مشترکہ منصوبے کے شراکت دار موزوں ترین امتزاج طے کرسکیں۔ اس میں دفاتر، ریٹیل کاروبار اور ہوٹلنگ سمیت مہمان نوازی سے متعلق سہولتیں شامل ہوسکتی ہیں۔
تجاویز جمع کرانے سے قبل منعقدہ اجلاس کی کارروائی میں منصوبے کے لیے 50 کنال اراضی کی دوبارہ تصدیق کی گئی۔ اجلاس میں علاقائی تجارتی آمدورفت کو سہولت فراہم کرنے والے ایک وسیع کاروباری مرکز کے طور پر اس مقام کی صلاحیت کو بھی اجاگر کیا گیا۔