تاریخ اشاعت: July 11, 2026 - 2:22 PM
PIAF Group and DHA Estate Agents Association Lahore Sign Electoral Cooperation Agreement, Pledge Mutual Support
پیاف گروپ اور ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن لاہور کے درمیان انتخابی تعاون کا معاہدہ، مشترکہ حمایت پر اتفاق
▫️رہنماؤں نے معاہدے کو کاروباری برادری، صنعت اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے درمیان اتحاد، مؤثر نمائندگی اور مشترکہ مفادات کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت قرار دیدیا
پیاف گروپ اور ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن لاہور کے درمیان باہمی تعاون، انتخابی اشتراک اور کاروباری مفادات کے فروغ اور انتخابات میں ایک دوسرے کی حمایت کیلئے ایک اہم مفاہمتی معاہدہ طے پا گیا ہے، جسے لاہور کی کاروباری برادری اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اس معاہدے کی تقریب جمعہ، 10 جولائی 2026 کو ڈی ایچ اے فیز 8 لاہور کے لیمنسکیٹ کلب (Lemniscate Club) میں منعقد ہوئی۔ تقریب میں پیاف گروپ اور ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن لاہور کے صدر ذیشان بٹ سمیت ایسوسی ایشن کے دیگر عہدیداروں، ڈیلرز کے علاوہ لاہور کی کاروباری برادری، صنعت و تجارت سے وابستہ نمایاں شخصیات، معزز مہمانوں اور میڈیا نمائندگان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
معاہدے کے تحت آئندہ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (LCCI) کے انتخابات میں ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن لاہور، پیاف گروپ کی بھرپور انتخابی حمایت کرے گی۔ اس کے بدلے میں پیاف گروپ بھی ڈی ایچ اے اسٹیٹ ایجنٹس ایسوسی ایشن لاہور کے آئندہ انتخابات میں اپنی مکمل حمایت اور ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے دونوں تنظیموں کے رہنماؤں نے اس معاہدے کو باہمی اعتماد، تنظیمی ہم آہنگی اور مشترکہ مقاصد کے فروغ کی علامت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کو موجودہ معاشی حالات میں متحد ہو کر آگے بڑھنے کی ضرورت ہے تاکہ تاجروں، صنعت کاروں اور رئیل اسٹیٹ سے وابستہ افراد کے مسائل کو زیادہ مؤثر انداز میں متعلقہ فورمز پر اٹھایا جا سکے۔
رہنماؤں کے مطابق یہ اشتراک کاروباری اور رئیل اسٹیٹ شعبوں کے درمیان روابط کو مزید مستحکم کرے گا، جس سے نہ صرف دونوں تنظیموں کی نمائندہ حیثیت مضبوط ہوگی بلکہ لاہور کی تاجر برادری کو بھی ایک متحد، مؤثر اور بااختیار آواز میسر آئے گی۔
انہوں نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ مستقبل میں دونوں تنظیمیں مشترکہ مفادات، کاروباری ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ، پالیسی سازی میں مؤثر کردار اور نجی شعبے کے مسائل کے حل کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گی تاکہ لاہور کی کاروباری برادری کے مفادات کا بہتر انداز میں تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔