تاریخ اشاعت: May 2, 2026 - 9:25 AM
Plan Launched to Restore British Era Architecture Along Lahore’s Mall
مال روڈ لاہور پر برطانوی دور کی عمارتوں کی بحالی کا منصوبہ شروع
▫️پی ایم جی چوک سے چیئرنگ کراس تک 104 تاریخی عمارتیں مرحلہ وار مرمت کیلئے منتخب، 7 دن میں کام شروع کرنے کی ہدایت
حکام نے مال روڈ کے اطراف واقع تاریخی عمارتوں کو ان کی اصل برطانوی طرزِ تعمیر کے مطابق بحال کرنے کیلئے ایک جامع منصوبہ تیار کر لیا ہے، جس کا مقصد شہر کے ثقافتی ورثے کا تحفظ اور اس اہم شاہراہ کی خوبصورتی میں اضافہ کرنا ہے۔
سرکاری ذرائع کے مطابق یہ منصوبہ ہی ایم جی چوک سے چیئرنگ کراس تک واقع 104 عمارتوں پر مشتمل ہے، جنہیں تاریخی اہمیت کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت مرمت اور بحالی کا کام متعلقہ عمارتوں کے مالکان اپنے خرچ پر کریں گے۔
پہلے مرحلے میں خستہ حال قرار دی گئی 10 عمارتوں کے مالکان کو نوٹسز جاری کر دیے گئے ہیں، جن کے ساتھ عمارتوں کی موجودہ حالت کی تصاویر بھی شامل ہیں۔ مالکان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سات روز کے اندر بحالی کا عمل شروع کریں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے کا مقصد ان عمارتوں کے اصل نوآبادیاتی طرزِ تعمیر کو بحال کرنا اور پوری شاہراہ پر عمارتوں کے بیرونی حصوں میں ہم آہنگی پیدا کرنا ہے۔ اس ضمن میں والڈ سٹی اتھارٹی ضلعی انتظامیہ کو تکنیکی معاونت فراہم کرے گی۔
بحالی کیلئے جن نمایاں عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے ان میں غلام رسول بلڈنگ، کیشو رام بلڈنگ، شاہ دین منزل، احمد مینشن، زمان پلازہ، خادم سینٹر، ضیاء الدین بلڈنگ، کرپا رام بلڈنگ، دھونی مینشن اور جان بلڈنگ شامل ہیں۔
حکام کے مطابق یہ اقدام لاہور شہر کی تاریخی شناخت کے تحفظ اور شہر کی اہم ترین شاہراہوں میں سے ایک کی جمالیاتی قدر کو بہتر بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہے۔