تاریخ اشاعت: May 15, 2026 - 4:43 PM
Preparations Underway to Establish Pakistan’s First Modern Sports City in Lahore, Land Acquisition Process Continues
لاہور میں پاکستان کا پہلا جدید سپورٹس سٹی بنانے کی تیاری، زمین کے حصول کا عمل جاری
▫️سپورٹس پنجاب اور روڈا کے حکام کے درمیان اہم ملاقات، منصوبے کی تعمیراتی پلاننگ اور اراضی کے حصول پر بریفنگ
پنجاب میں کھیلوں کے فروغ کے لیے لاہور میں پاکستان کا پہلا جدید سپورٹس سٹی قائم کرنے کے منصوبے پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ منصوبے کے لیے زمین کے حصول کا عمل جاری ہے، جبکہ اس حوالے سے سپورٹس پنجاب اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے درمیان مشاورت بھی تیز کر دی گئی ہے۔
سپورٹس پنجاب کے سیکرٹری فضل الرحمان اور راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے سی ای او عمران امین کے درمیان ایک اہم ملاقات ہوئی، جس میں سپورٹس سٹی کے لیے اراضی کے حصول، تعمیراتی منصوبہ بندی، مرحلہ وار ترقیاتی کاموں اور مستقبل کے سپورٹس انفراسٹرکچر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
حکام کے مطابق لاہور میں قائم کیا جانے والا سپورٹس سٹی جدید سہولیات سے آراستہ ہوگا، جسے مختلف مراحل میں مکمل کیا جائے گا۔ منصوبے کے تحت جدید سپورٹس کمپلیکسز، عالمی معیار کے سٹیڈیمز اور کھلاڑیوں کی تربیت کے لیے جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
سیکرٹری سپورٹس پنجاب فضل الرحمان نے کہا کہ سپورٹس سٹی کا قیام صوبے میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان کے مطابق اس منصوبے سے نہ صرف مقامی سطح پر کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا بلکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر ماحول، جدید سہولیات اور پیشہ ورانہ تربیت کے مواقع بھی دستیاب ہوں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی منصوبے کے لیے زمین ایکوائر کرنے کے عمل میں مصروف ہے، جبکہ متعلقہ ادارے منصوبے کی فزیبلٹی، ڈیزائن اور مرحلہ وار عملدرآمد سے متعلق امور پر کام کر رہے ہیں۔ اجلاس میں ڈی جی سپورٹس پنجاب محمد طارق قریشی، ایڈیشنل سیکرٹری سپورٹس شبیر حسین چیمہ اور پی ایم یو سپورٹس کے دیگر افسران نے بھی شرکت کی۔