تاریخ اشاعت: July 18, 2026 - 2:50 PM
Punjab Approves Feasibility Study for 300 Acre Maryam Nawaz Sports City in Lahore
لاہور میں 300 ایکڑ پر "مریم نواز سپورٹس سٹی" کے قیام کی تیاری، فزیبلٹی سٹڈی کی منظوری دیدی گئی
▫️منصوبے کے تحت عالمی معیار کے سٹیڈیم، انڈور کمپلیکس، اولمپک سوئمنگ ایرینا، ویلوڈروم اور دیگر جدید کھیلوں کی سہولیات قائم کی جائیں گی
پنجاب حکومت نے لاہور میں "مریم نواز سپورٹس سٹی" کے قیام کے منصوبے پر اہم پیش رفت کرتے ہوئے اس کی فزیبلٹی سٹڈی کی منظوری دے دی ہے۔ منصوبے کا مقصد صوبے میں عالمی معیار کی کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنا اور بین الاقوامی معیار کا جدید سپورٹس سٹی قائم کرنا ہے۔
منصوبے کے مطابق لاہور میں تقریباً 300 ایکڑ رقبے پر جدید اور مربوط سپورٹس سٹی تعمیر کیا جائے گا۔ فزیبلٹی سٹڈی کے دوران منصوبے کی لاگت، مالیاتی پائیداری، ماحولیاتی اثرات، تکنیکی تقاضوں اور دیگر اہم پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا تاکہ اس کی بنیاد پر منصوبے پر عملدرآمد سے متعلق مؤثر فیصلہ کیا جا سکے۔
فزیبلٹی کے دوران مجوزہ مقام کا تفصیلی سروے بھی کیا جائے گا، جس میں زمین کی دستیابی، رسائی، جغرافیائی حالات، ٹریفک پر ممکنہ اثرات، جیو ٹیکنیکل تحقیقات، یوٹیلٹی سسٹمز، ماحولیاتی اور سماجی اثرات سمیت تمام متعلقہ تکنیکی امور کا جائزہ شامل ہوگا۔
مجوزہ ماسٹر پلان کے مطابق سپورٹس سٹی میں ملٹی پرپز آؤٹ ڈور سٹیڈیم، ملٹی سپورٹس انڈور کمپلیکس، اولمپک معیار کا سوئمنگ ایرینا، ویلوڈروم، اسکواش ایرینا، لان ٹینس، پیڈل ٹینس اور فٹسال کورٹس قائم کیے جائیں گے۔
اس کے علاوہ منصوبے میں تیر اندازی کمپلیکس، ملٹی پرپز سپورٹس گراؤنڈ، سپورٹس انسٹی ٹیوٹ، کھلاڑیوں کے ہاسٹل، انتظامی دفاتر، کمرشل ایریاز، ریسٹورنٹس، وسیع پارکنگ، جدید سڑکوں کا جال، لینڈ سکیپنگ، یوٹیلیٹی نیٹ ورک اور دیگر عوامی سہولیات بھی شامل ہوں گی۔