تاریخ اشاعت: February 23, 2026 - 12:02 PM
Punjab enforces strict law to protect urban infrastructure, theft of manhole covers and streetlights declared non-bailable offence
پنجاب میں شہری بنیادی ڈھانچے کے تحفظ کیلئے سخت قانون نافذ، مین ہول کور اور سٹریٹ لائٹس کی چوری ناقابل ضمانت جرم قرار
▫️ عوامی املاک کو نقصان پہنچانے پر قید اور لاکھوں روپے جرمانے، اسکریپ ڈیلرز اور ری رولنگ پلانٹس کیلئے سخت ضوابط نافذ ▫️ سڑکوں، رہائشی علاقوں اور شہری تنصیبات کی حفاظت، فوری مرمت اور نگرانی کیلئے محکموں کو قانونی ذمہ داریاں تفویض
لاہور : ری نیوز پاکستان حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں شہری بنیادی ڈھانچے، سڑکوں اور عوامی املاک کے تحفظ کیلئے جامع قانونی فریم ورک نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت مین ہول کور، سٹریٹ لائٹس، حفاظتی باڑوں اور دیگر شہری تنصیبات کی چوری، غیر قانون...
حکومت پنجاب نے صوبے بھر میں شہری بنیادی ڈھانچے، سڑکوں اور عوامی املاک کے تحفظ کیلئے جامع قانونی فریم ورک نافذ کر دیا ہے، جس کے تحت مین ہول کور، سٹریٹ لائٹس، حفاظتی باڑوں اور دیگر شہری تنصیبات کی چوری، غیر قانونی قبضہ، نقل و حمل یا فروخت کو باقاعدہ جرم قرار دیا گیا ہے۔
یہ اقدام سردار سلیم حیدر خان کی منظوری سے “پنجاب پبلک یوٹیلٹیز انفراسٹرکچر پروٹیکشن آرڈیننس 2026” کے تحت کیا گیا، جو صوبائی اسمبلی کے اجلاس نہ ہونے کی صورت میں آئین کے آرٹیکل 128(1) کے تحت 19 فروری کو نافذ کیا گیا۔ اس قانون کا اطلاق صوبے کے تمام شہری اور رہائشی علاقوں، سڑکوں، کمرشل مراکز اور عوامی مقامات پر ہوگا۔
آرڈیننس کے مطابق مین ہول کور اور دیگر شہری تنصیبات کی چوری ناقابل ضمانت جرم ہوگی، جس پر کم از کم ایک سال اور زیادہ سے زیادہ تین سال قید کے ساتھ 2 لاکھ سے 30 لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکتی ہیں۔ اسی طرح عوامی تنصیبات کو غیر قانونی طور پر ہٹانے، رکھنے، خریدنے یا فروخت کرنے پر بھی ایک سے تین سال قید اور 5 لاکھ سے 30 لاکھ روپے جرمانہ عائد ہوگا۔
اسکریپ ڈیلرز اور ری رولنگ پلانٹس کیلئے بھی سخت ضابطے نافذ کیے گئے ہیں، جن کے تحت وہ صرف ایسی اشیاء خرید یا پراسیس کر سکیں گے جو مستقل طور پر ناقابل استعمال بنائی جا چکی ہوں۔ خلاف ورزی کی صورت میں تین سال قید یا 10 لاکھ روپے تک جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جا سکیں گی، جبکہ سنگین خلاف ورزیوں پر جرمانہ ایک کروڑ روپے تک بھی ہو سکتا ہے۔
آرڈیننس کے تحت متعلقہ سرکاری محکموں، یوٹیلٹی اداروں اور مقامی حکومتوں کو سڑکوں، رہائشی علاقوں اور شہری مقامات پر بنیادی تنصیبات کی حفاظت، معائنہ، ریکارڈ کی دیکھ بھال اور کم از کم 10 فیصد اضافی ذخیرہ برقرار رکھنے کا پابند بنایا گیا ہے تاکہ کسی بھی نقصان کی صورت میں فوری متبادل فراہم کیا جا سکے۔
قانون کے مطابق اگر کسی مقام پر مین ہول کور یا دیگر تنصیب غائب یا خراب ہو جائے تو متعلقہ ادارے فوری طور پر حفاظتی رکاوٹیں اور انتباہی علامات نصب کرنے اور مرمت یا تبدیلی کے ذمہ دار ہوں گے۔ اس میں کوتاہی کو قانونی غفلت تصور کیا جائے گا اور ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جا سکے گی۔
مزید برآں، قانون کے نفاذ کیلئے مجاز اداروں کو چیکنگ، ریکارڈ طلب کرنے، ضبطی، سیلنگ اور کارروائی کے اختیارات دیے گئے ہیں، جبکہ عوام کو شکایات درج کرانے کیلئے "وسل بلوور" نظام بھی متعارف کرایا گیا ہے تاکہ شہری املاک، رہائشی علاقوں اور عوامی تنصیبات کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔