تاریخ اشاعت: November 4, 2026 - 6:01 PM
Punjab Govt Launches ‘Chamkta Lahore’ Campaign to Tackle Smog and Dust
پنجاب حکومت کا سموگ اور گردوغبار سے نمٹنے کیلئے ’چمکتا لاہور‘ مہم کا آغاز
▫️ مہم کے تحت 100 بڑی سڑکوں، عوامی مقامات اور تجارتی مراکز کی صفائی کی جائے گی؛ روزانہ 100 کلومیٹر سڑکیں دھونے کا ہدف مقرر
پنجاب حکومت نے فضائی گردوغبار میں کمی، صفائی کے نظام میں بہتری اور سڑکوں و عوامی مقامات کو صاف رکھنے کے لیے لاہور بھر میں صفائی اور انسدادِ سموگ مہم ’چمکتا لاہور‘ شروع کردی ہے۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے لبرٹی چوک میں مہم کا افتتاح کیا۔ یہ مہم وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر شروع کی گئی ہے۔ مہم کے تحت صفائی کے لیے 100 بڑی سڑکوں، مقامات اور تجارتی مراکز کی نشاندہی کی گئی ہے۔
منصوبے میں ہر ہفتے تقریباً 648 کلومیٹر سڑکیں دھونے جبکہ روزانہ 100 کلومیٹر سڑکوں کی صفائی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ سڑکوں کی دھلائی کے لیے 16 مکینیکل واشنگ مشینیں، فٹ پاتھوں کی صفائی کے لیے 46 رکشہ ماونٹڈ واشرز استعمال کیے جائیں گے۔ گردوغبار کو ختم کرنے کے لیے پانی کا چھڑکاؤ کرنے والی 10 رکشہ ماونٹڈ اینٹی سموگ مسٹ گنز بھی استعمال کی جائیں گی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ذیشان رفیق نے کہا کہ گزشتہ دو برس کے دوران انسدادِ سموگ کے اقدامات کے حوصلہ افزا نتائج سامنے آئے ہیں۔ ان کے بقول، نومبر میں سموگ کی سطح دو برس پہلے کے مقابلے میں نمایاں طور پر کم رہی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی مہم سے لاہور میں فضائی معیار اور صفائی کی صورت حال مزید بہتر ہوگی۔
وزیر بلدیات نے پنجاب بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا بھی ذکر کیا، جن میں سڑکوں کے بنیادی سٹرکچر، صحت، تعلیم اور شہری خوبصورتی کے منصوبے شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی سہولتوں اور معیارِ زندگی میں بہتری کے لیے بڑے شہروں سے یونین کونسلوں تک مختلف اقدامات کیے جا رہے ہیں۔