تاریخ اشاعت: April 17, 2026 - 11:20 AM
Review of Development Projects Under Punjab Development Program (PDP)
پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ
▫️ ڈپٹی کمشنر قصور کی زیر صدارت اجلاس، بروقت تکمیل اور شفافیت پر زور
قصور : [صدف ارشد ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر ری نیوز پاکستان] وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (PDP) سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نیسپاک کے نمائندگان، چیف آ...
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈپٹی کمشنر قصور محمد آصف رضا کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (PDP) سے متعلق ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں نیسپاک کے نمائندگان، چیف آفیسرز میونسپل کمیٹیز، ڈی آئی او قصور نادر علی اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ضلع بھر میں جاری ترقیاتی منصوبوں، ان کی پیش رفت، معیارِ کار اور مقررہ ٹائم لائنز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے تحت پھول نگر، کوٹ رادھا کشن، پتوکی، کھڈیاں خاص اور دیگر علاقوں میں اربوں روپے کی لاگت سے متعدد منصوبے جاری ہیں۔
ان منصوبوں میں سیوریج نیٹ ورک کی بہتری، انڈرگراؤنڈ سٹورم واٹر ڈرینز، سیوریج لائنز کی بحالی، ڈسپوزل سٹیشنز کی تعمیر، پارکس کی ڈویلپمنٹ سمیت دیگر بنیادی سہولیات شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی سکیموں کو بروقت اور شفاف انداز میں مکمل کیا جائے اور فنڈز کے استعمال میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ منصوبوں کی مانیٹرنگ کو مؤثر بنایا جائے اور فیلڈ وزٹس کے ذریعے کام کے معیار کو یقینی بنایا جائے۔ متعلقہ افسران کو PDP اسکیموں کی باقاعدہ رپورٹنگ اور مکمل ریکارڈ رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کا بنیادی مقصد عوام کو بہتر شہری سہولیات فراہم کرنا ہے، لہٰذا تمام منصوبے عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ضلع قصور میں ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔