تاریخ اشاعت: August 17, 2026 - 2:18 PM
Ghani Global Takes Major Step Towards Moving Real Estate Assets Into REIT Structure
غنی گلوبل کا رئیل اسٹیٹ اثاثوں کو سرمایہ کاری ٹرسٹ میں منتقل کرنے کا فیصلہ
▫️شیئرز ہولڈرز نے غنی گلوبل ہولڈنگز، جی تھری ریٹ مینجمنٹ، جی تھری پراپرٹیز اور جی تھری ہومز پر مشتمل تنظیم نو کی سکیم منظور کر لی
غنی گلوبل ہولڈنگز لمیٹڈ نے اپنے رئیل اسٹیٹ اثاثوں کو باقاعدہ رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری ٹرسٹ (ریٹ) میں لانے کی جانب اہم پیش رفت کی ہے۔ کمپنی کے شئیر ہولڈرز نے اس مقصد کیلئے تجویز کردہ تنظیم نو کی سکیم کی منظوری دے دی ہے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمع کرائی گئی دستاویزات کے مطابق غنی گلوبل ہولڈنگز کے شیئرز ہولڈرز نے 8 اگست 2026 کو ہونے والے غیرمعمولی جنرل اجلاس میں مفاہمت، انتظام اور تنظیم نو کی سکیم کی منظوری دی۔
اس سکیم میں غنی گلوبل ہولڈنگز لمیٹڈ، جی تھری ریٹ مینجمنٹ لمیٹڈ، جی تھری پراپرٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ اور جی تھری ہومز ایل ایل پی شامل ہیں۔
منصوبے کے تحت گروپ کے مخصوص رئیل اسٹیٹ اثاثے جی تھری ہومز ایل ایل پی سے جی تھری پراپرٹیز پرائیویٹ لمیٹڈ کو منتقل کیے جائیں گے۔ جی تھری پراپرٹیز کو مجوزہ رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری ٹرسٹ کیلئے خصوصی ادارے کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
جی تھری ہومز ایل ایل پی کا بنیادی کاروبار زمین، پلاٹس اور دیگر رئیل اسٹیٹ اثاثوں کی خرید، ترقی، تعمیر، فروخت، کرایہ اور انتظام سے متعلق ہے۔ مجوزہ سکیم کے تحت یہی ادارہ مخصوص رئیل اسٹیٹ اثاثے جی تھری پراپرٹیز کو منتقل کرے گا۔
غنی گلوبل اس سے قبل جی تھری ریٹ مینجمنٹ لمیٹڈ بھی قائم کر چکا ہے۔ اپریل 2026 میں سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کی منظوری کے بعد کمپنی نے ملک کے رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری ٹرسٹ شعبے میں اپنی سرگرمیاں بڑھانے کی جانب پیش رفت کی تھی۔
موجودہ تنظیم نو اس حکمت عملی کو اگلے مرحلے میں لے جاتی ہے، کیونکہ اس کے ذریعے کمپنی کے رئیل اسٹیٹ اثاثوں کو روایتی ملکیت کے بجائے ایک زیادہ منظم اور قانونی نگرانی کے تحت چلنے والے سرمایہ کاری ٹرسٹ میں لانے کا راستہ بنایا جا رہا ہے۔
تاہم شیئرز ہولڈرز کی منظوری کے باوجود سکیم پر عملدرآمد ابھی حتمی نہیں ہوا۔ منصوبے کو نافذ کرنے سے پہلے لاہور ہائیکورٹ اور دیگر متعلقہ حکام کی منظوری درکار ہوگی۔
غنی گلوبل کی یہ پیش رفت پاکستان میں بڑے کاروباری گروپس کی جانب سے رئیل اسٹیٹ اثاثوں کو صرف براہ راست ملکیت میں رکھنے کے بجائے باقاعدہ رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری ٹرسٹ میں بدلنے کے بڑھتے رجحان کی ایک اہم مثال ہے۔