تاریخ اشاعت: August 20, 2026 - 3:01 PM
International Steels Plans Exit from Leading Construction and Design Firm Chenoy Engineering, Recommends Sale of 17% Stake for Rs 350 Million
انٹرنیشنل سٹیلز کا تعمیرات و ڈیزائننگ کی معروف کمپنی چنائے انجینئرنگ سے نکلنے کا فیصلہ، 17 فیصد شیئرز 35 کروڑ روپے میں فروخت کرنے کی سفارش
▫️کمپنی کا بورڈ 48 لاکھ 45 ہزار شیئرز 72.24 روپے فی شیئر کے حساب سے فروخت کرنا چاہتا ہے، حتمی منظوری 5 اکتوبر کو اے جی ایم میں شیئر ہولڈرز سے لی جائے گی
انٹرنیشنل سٹیلز لمیٹڈ نے چنائے انجینئرنگ اینڈ کنسٹرکشن پرائیویٹ لمیٹڈ میں اپنے تمام 17 فیصد شیئرز 35 کروڑ روپے میں فروخت کرنے کی سفارش کر دی ہے۔
پاکستان سٹاک ایکسچینج کو 20 اگست کو دی گئی اہم معلومات کے مطابق انٹرنیشنل سٹیلز کے بورڈ نے چنائے انجینئرنگ کے 48 لاکھ 45 ہزار عام شیئرز 72 روپے 24 پیسے فی شیئر کے حساب سے فروخت کرنے کی سفارش کی ہے۔
اس سودے کی مجموعی مالیت 35 کروڑ روپے بنتی ہے۔
تاہم شیئرز کی فروخت ابھی حتمی نہیں ہے۔ اس کیلئے انٹرنیشنل سٹیلز کے شیئر ہولڈرز کی منظوری ضروری ہوگی، جو کمپنی کی 19ویں سالانہ جنرل میٹنگ میں لی جائے گی۔ یہ اجلاس 5 اکتوبر 2026 کو ہوگا۔
مجوزہ فروخت متعلقہ سرکاری اور ریگولیٹری اداروں کی ضروری منظوریوں سے بھی مشروط ہوگی۔ کمپنی کے مطابق سالانہ جنرل میٹنگ کا باقاعدہ نوٹس بعد میں جاری کیا جائے گا۔
چنائے انجینئرنگ اینڈ کنسٹرکشن 2024 میں انٹرنیشنل انڈسٹریز لمیٹڈ، پاکستان کیبلز لمیٹڈ اور انٹرنیشنل سٹیلز کے مشترکہ کاروباری منصوبے کے طور پر قائم کی گئی تھی۔ کمپنی تعمیرات، ڈیزائن، عمارتیں گرانے اور بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں سمیت مختلف انجینئرنگ شعبوں میں کام کرتی ہے۔
انٹرنیشنل سٹیلز پاکستان میں فلیٹ سٹیل بنانے والی بڑی کمپنیوں میں شامل ہے اور کولڈ رولڈ، گیلونائزڈ اور کلر کوٹڈ سٹیل مصنوعات تیار کرتی ہے۔