تاریخ اشاعت: July 16, 2026 - 12:23 PM
Islamabad Airport Outsourcing Process Begins as Pakistan Signs ADB Agreement
اسلام آباد ائیرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کا عمل شروع، پاکستان اور اے ڈی بی میں معاہدہ
▫️ایشائی ترقیاتی بینک مالیاتی اور ٹرانزیکشن مشیر مقرر، آؤٹ سورسنگ نو ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف
پاکستان نے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک کو باضابطہ طور پر مالیاتی اور ٹرانزیکشن مشیر مقرر کر دیا ہے، جس کے ساتھ ہی ائیرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کے ٹرانزیکشن عمل کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔
حکومت کے مطابق آؤٹ سورسنگ کا عمل شفاف اور مسابقتی بولی کے ذریعے مکمل کیا جائے گا، جس کا مقصد دنیا کے معروف ائیرپورٹ آپریٹرز اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو پاکستان کی جانب متوجہ کرنا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اسلام آباد ائیرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کا عمل نو ماہ کے اندر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ مالیاتی، قانونی، تجارتی اور تکنیکی جانچ کا مرحلہ تین ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ حکومت موجودہ مالی سال کے دوران ٹرانزیکشن کو حتمی شکل دینا چاہتی ہے۔
یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا موقع ہے کہ کسی کثیرالجہتی ترقیاتی ادارے کو نجکاری منصوبے کیلئے ٹرانزیکشن مشیر مقرر کیا گیا ہے۔
حکومت نے کراچی اور لاہور کے بین الاقوامی ائیرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ کیلئے ایک مشترکہ مالیاتی مشیر مقرر کرنے کی تیاری بھی شروع کر دی ہے۔ حکام اس سے قبل اندازہ ظاہر کر چکے ہیں کہ دونوں ائیرپورٹس میں سے ہر ایک کیلئے 50 کروڑ ڈالر سے زائد کی نئی نجی سرمایہ کاری حاصل ہو سکتی ہے۔
ٹرانزیکشن ایڈوائزری سروسز معاہدے پر نجکاری کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل شاہد دایو اور ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فین نے دستخط کیے۔
تقریب میں وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی، نجکاری کمیشن کے سیکرٹری عثمان اختر باجوہ، نجکاری ڈویژن کے سیکرٹری حامد شمیمی اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے ڈپٹی کنٹری ڈائریکٹر سید حسین حیدر بھی موجود تھے۔
معاہدے کے تحت ایشیائی ترقیاتی بینک اسلام آباد ائیرپورٹ کی آؤٹ سورسنگ کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ترتیب دینے اور مکمل کرنے کیلئے تکنیکی، مالیاتی، قانونی، ماحولیاتی اور تجارتی مشاورتی خدمات فراہم کرے گا۔