تاریخ اشاعت: June 24, 2026 - 4:06 PM
Jamshoro Power Plant Conversion to Thar Coal Expected to Save $3.24 Billion
جامشورو پاور پلانٹ تھر کوئلے پر منتقل کرنے سے 3.24 ارب ڈالر کی بچت متوقع
▫️فزیبلٹی سٹڈی کے مطابق منصوبے سے 26 برسوں میں 2.11 ارب ڈالر کا زرمبادلہ بھی بچایا جا سکے گا
وفاقی حکومت کو پیش کی گئی ایک نئی فزیبلٹی اسٹڈی میں بتایا گیا ہے کہ جامشورو پاور پلانٹ کے یونٹ نمبر 1 کو درآمدی کوئلے کے بجائے مقامی تھر لِگنائٹ کوئلے پر منتقل کرنے سے پاکستان آئندہ 26 برسوں میں تقریباً 3.239 ارب ڈالر کی بچت کر سکتا ہے۔
مطالعے کے مطابق مجموعی بچت میں 2.113 ارب ڈالر کا زرمبادلہ بھی شامل ہوگا، جس سے ملک کے درآمدی ایندھن پر انحصار میں کمی اور توانائی کے شعبے میں مالی استحکام میں مدد ملنے کی توقع ہے۔
ڈورنیئر گروپ اور ای وائی پارتھینون کی جانب سے تیار کردہ بینکیبل فزیبلٹی سٹڈی وفاقی وزیر توانائی، پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری کو پیش کی گئی۔ رپورٹ میں منصوبے کو تکنیکی طور پر قابل عمل، معاشی اعتبار سے مضبوط اور ماحولیاتی لحاظ سے قابل انتظام قرار دیا گیا ہے۔
یہ منصوبہ کے الیکٹرک اور جامشورو پاور کمپنی سمیت اہم شراکت داروں کے قریبی تعاون سے تیار کیا گیا۔ وزیر توانائی کی جانب سے قائم اعلیٰ سطحی اسٹیئرنگ کمیٹی نے فزیبلٹی سٹڈی کی تکمیل تیز کرنے کے لیے متعدد اجلاس منعقد کیے، جن میں سے 15 اجلاسوں کی صدارت خود وفاقی وزیر نے کی۔