تاریخ اشاعت: July 14, 2026 - 4:33 PM
Karachi’s Historic Cotton Exchange Remains Sealed Despite Court Order
عدالتی حکم کے باوجود کراچی کی تاریخی کاٹن ایکسچینج عمارت بدستور سیل
▫️کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کا عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے پر اظہار تشویش، انتظامی سرگرمیاں سات ماہ سے معطل
سندھ ہائی کورٹ کے واضح احکامات کے باوجود کراچی کی تاریخی کاٹن ایکسچینج عمارت تقریباً ایک ماہ گزرنے کے بعد بھی سیل ہے، جس کے باعث کراچی کاٹن ایسوسی ایشن کی انتظامی اور کاروباری سرگرمیاں بدستور معطل ہیں۔
کراچی کاٹن ایسوسی ایشن نے صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے سندھ ہائی کورٹ کے 18 جون 2026 کے فیصلے پر تاحال عمل درآمد نہیں کیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں حکم دیا تھا کہ ملکیت کے تنازع کا حتمی فیصلہ ہونے تک ایسوسی ایشن کو عمارت کا قبضہ برقرار رکھنے اور کسی مداخلت کے بغیر اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔
ایسوسی ایشن کے مطابق کاٹن ایکسچینج کی عمارت 12 دسمبر 2025 سے سیل ہے، جس کے باعث اس کے تمام انتظامی امور مکمل طور پر رک گئے ہیں۔
کراچی کاٹن ایسوسی ایشن نے کہا کہ عمارت سیل کیے جانے کے دوران تحویل میں لی گئی ضروری دستاویزات اور کمپیوٹرز بھی تاحال واپس نہیں کیے گئے، جس کے باعث ادارہ اپنے روزمرہ امور انجام دینے سے قاصر ہے۔
کراچی کاٹن ایسوسی ایشن، کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، عمارت کے کرایہ داروں اور دیگر متعلقہ فریقوں نے متروکہ وقف املاک بورڈ کی کارروائی کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔
سندھ ہائی کورٹ نے 18 جون کو جاری کردہ فیصلے میں عمارت کی قانونی حیثیت سے متعلق 1963 کا نوٹیفکیشن معطل کرتے ہوئے ملکیت کے تنازع کو ازسرنو فیصلے کیلئے متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین کو بھجوا دیا تھا۔
عدالت نے چیئرمین کو 90 روز کے اندر معاملے کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے حکم دیا تھا کہ حتمی فیصلے تک کراچی کاٹن ایسوسی ایشن عمارت کا قبضہ برقرار رکھے گی اور اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھ سکے گی۔
عدالت نے ملکیت کے تنازع سے متعلق وفاقی تحقیقاتی ادارے کا مقدمہ بھی کالعدم قرار دے دیا تھا۔
کراچی کاٹن ایسوسی ایشن نے عدالتی فیصلے پر عمل درآمد نہ ہونے کے بعد دوبارہ سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کرتے ہوئے متروکہ وقف املاک بورڈ کے متعلقہ حکام کے خلاف توہینِ عدالت کی کارروائی کی درخواست کی ہے۔
ایسوسی ایشن کا مؤقف ہے کہ عدالتی احکامات واضح ہونے کے باوجود عمارت کا قبضہ واپس نہ کرنا عدالتی فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔