تاریخ اشاعت: October 9, 2026 - 5:40 PM
LCCI Welcomes Government's Rs 2 Trillion SME Financing Target by June 2028
لاہور چیمبر کا ایس ایم ای فنانسنگ 2 ہزار ارب تک بڑھانے کا خیرمقدم
▫️ چھوٹے اور درمیانے کاروباروں کے لیے آسان مالی سہولتوں،ڈیجیٹل نظام اور قرضوں کے حصول کا طریقہ کار سادہ بنانے پر زور
لاہور | ری نیوز پاکستانلاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کے صدر علی حسام اصغر نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی حکومت کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے جون 2028 تک مجموعی فنانسنگ 2 ہ...
لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایل سی سی آئی) کے صدر علی حسام اصغر نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی حکومت کی جانب سے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کے لیے جون 2028 تک مجموعی فنانسنگ 2 ہزار ارب روپے تک بڑھانے کے ہدف کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس اقدام سے کاروباری سرگرمیوں میں توسیع، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور ملکی معیشت کو مزید متحرک بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
جمعرات کو جاری اپنے بیان میں لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے پاکستان کی معیشت میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں اور صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کے فروغ، نئی ملازمتوں کی فراہمی، کاروباری مواقع پیدا کرنے اور ملکی برآمدات میں اضافے کی وسیع صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایس ایم ایز کے لیے مناسب لاگت پر بروقت مالی وسائل کی دستیابی یقینی بنانا نہایت ضروری ہے کیونکہ سرمایہ تک محدود رسائی چھوٹے کاروباری اداروں کی ترقی اور توسیع میں ایک اہم رکاوٹ بن سکتی ہے۔
علی حسام اصغر کے مطابق آسان شرائط پر قرضوں کی فراہمی سے چھوٹے اور درمیانے کاروبار اپنی پیداواری صلاحیت میں اضافہ، جدید ٹیکنالوجی کا استعمال، کاروباری سرگرمیوں میں وسعت اور نئی منڈیوں تک رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔
انہوں نے حکومت کی جانب سے ایس ایم ای فنانسنگ کا دائرہ 7 لاکھ 75 ہزار ممکنہ قرض لینے والوں تک بڑھانے کے ہدف کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے مالیاتی شمولیت کو فروغ ملنے اور مزید کاروباری اداروں کو باضابطہ مالیاتی نظام کا حصہ بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔
لاہور چیمبر کے صدر نے بتایا کہ جون 2026 میں ایس ایم ایز کے لیے واجب الادا فنانسنگ کا حجم ایک ہزار 114 ارب روپے تھا، جو ستمبر 2026 تک بڑھ کر ایک ہزار 137 ارب روپے سے تجاوز کر گیا۔
اسی دوران ایس ایم ای قرض لینے والے افراد اور کاروباری اداروں کی تعداد بڑھ کر تقریباً 3 لاکھ 50 ہزار 862 تک پہنچ گئی، جو چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کے لیے ادارہ جاتی مالی سہولتوں کے استعمال میں پیش رفت کی نشاندہی کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جون 2028 تک 2 ہزار ارب روپے کی فنانسنگ کا ہدف حاصل کرنے کے لیے حکومت، اسٹیٹ بینک آف پاکستان، کمرشل بینکوں، مائیکرو فنانس اداروں، سمال اینڈ میڈیم انٹرپرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا) اور نجی شعبے کے درمیان مؤثر اور مربوط تعاون ضروری ہوگا۔
علی حسام اصغر نے زور دیا کہ ایس ایم ایز اور نئے کاروبار شروع کرنے والے افراد کے لیے قرضوں کے حصول کا طریقہ کار آسان بنایا جائے تاکہ محدود مالی وسائل رکھنے والے کاروباری افراد بھی رسمی بینکاری نظام سے فائدہ اٹھا سکیں