تاریخ اشاعت: August 24, 2026 - 12:12 PM
Major Step Toward FESCO, GEPCO and IESCO Privatisation as Restructuring Plan Gets Approval
فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کی نجکاری میں اہم پیش رفت، تنظیم نو کا منصوبہ منظور
▫️کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے پہلے مرحلے کی تین بجلی تقسیم کار کمپنیوں کے زمینی اثاثے پاور ہولڈنگ کمپنی کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی، اسحاق ڈار کی منصوبے پر تیز عملدرآمد کی ہدایت
کابینہ کمیٹی برائے نجکاری نے پہلے مرحلے میں شامل تین بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں فیسکو، گیپکو اور آئیسکو کیلئے تنظیم نو کے منصوبے کی منظوری دے دی ہے، جسے ان کمپنیوں کی نجکاری کے عمل میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں منظور کیے گئے منصوبے کے تحت تینوں تقسیم کار کمپنیوں کے زمینی اثاثے سرکاری ملکیتی پاور ہولڈنگ کمپنی کو منتقل کیے جائیں گے، جو اس مقصد کیلئے ہولڈنگ کمپنی کا کردار ادا کرے گی۔
اسحاق ڈار نے متعلقہ اداروں کو منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کی نجکاری پالیسی کا مقصد بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی خدمات کے معیار کو بہتر بنانا اور ان کے مالی و بجلی کے نقصانات میں کمی لانا ہے۔
تنظیم نو کا یہ منصوبہ سکیم آف ارینجمنٹ کے ذریعے نافذ کیا جائے گا، جسے منظوری اور قانونی کارروائی کیلئے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے پاس جمع کرایا جائے گا۔
فیسکو، گیپکو اور آئیسکو حکومت کے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کے پہلے مرحلے میں شامل ہیں۔ اس سے قبل نجکاری کمیشن بورڈ بھی ان کمپنیوں کی تنظیم نو کے منصوبوں اور سکیم آف ارینجمنٹ کی منظوری کی سفارش کرچکا ہے۔
حکومت کا مؤقف ہے کہ تنظیم نو کے ذریعے کمپنیوں کے اثاثوں اور ذمہ داریوں کو زیادہ واضح اور تجارتی اعتبار سے قابل عمل شکل دی جاسکے گی، تاکہ نجکاری کے عمل کو نجی سرمایہ کاروں کیلئے زیادہ پرکشش بنایا جاسکے۔