تاریخ اشاعت: August 22, 2026 - 12:14 PM
Nvidia Invests in Data Centre Developer as AI Race Shifts to Land and Power
دنیا کی بڑی چپ ساز کمپنی این ویڈیا کی ڈیٹا سینٹر ڈیویلپر میں سرمایہ کاری، AI کیلئے زمین و بجلی کی نئی دوڑ شروع ہو گئی
▫️امریکی Cloverleaf Infrastructure میں شیئرز خرید لیے، کمپنی بجلی سے منسلک اور تعمیر کیلئے تیار مقامات پر بڑے اے آ ئی ڈیٹا سینٹر منصوبے آگے بڑھائے گی
دنیا کی بڑی چپ ساز کمپنی این ویڈیا نے امریکی ڈیٹا سینٹر ڈیویلپر کلوور لیف انفراسٹرکچر میں شیئرز خرید لیے، جس سے مصنوعی ذہانت کی صنعت میں زمین، بجلی اور بڑے ڈیٹا سینٹر مقامات کے حصول کی بڑھتی ہوئی دوڑ مزید نمایاں ہوگئی ہے۔
21 اگست کو سامنے آنے والی شراکت داری کے تحت این ویڈیا نے کلوور لیف میں سرمایہ کاری کی ہے، تاہم دونوں کمپنیوں نے سرمایہ کاری کی رقم ظاہر نہیں کی۔
کلوور لیف ایسے بڑے مقامات تلاش اور تیار کرتی ہے جہاں ڈیٹا سینٹر قائم کیے جاسکیں اور جہاں ضروری زمین کے ساتھ بجلی کی بڑی مقدار تک رسائی بھی دستیاب ہو۔
کمپنی کا مقصد ایسے مقامات کو تعمیر کیلئے تیار کرنا ہے تاکہ ٹیکنالوجی کمپنیاں نسبتاً تیزی سے بڑے اے آئی ڈیٹا سینٹر یا جنہیں این ویڈیا اے آئی فیکٹریز کہتی ہے، قائم کرسکیں۔
شراکت داری کے تحت این ویڈیا بھی کلوور لیف کے ساتھ مل کر ڈیٹا سینٹرز کیلئے ضروری بنیادی ڈھانچے کی منصوبہ بندی میں مدد کرے گی۔ اس میں کمپیوٹنگ، بجلی، کولنگ اور عمارت سے متعلق ضروریات کو ابتدائی مرحلے پر ایک ساتھ دیکھنا شامل ہوگا۔
کلوور لیف کا کہنا ہے کہ 2024 میں قیام کے بعد سے وہ شمالی امریکا میں کئی بڑے منصوبوں پر کام آگے بڑھا چکی ہے، جن میں گیگاواٹ سطح کے ڈیٹا سینٹر منصوبے بھی شامل ہیں۔
اے آ ئی کی تیز رفتار ترقی کے باعث اب صرف جدید چپس کی دستیابی کافی نہیں رہی۔ بڑے ڈیٹا سینٹرز کیلئے وسیع زمین، مسلسل اور بڑی مقدار میں بجلی، پانی، کولنگ نظام اور بجلی کے گرڈ سے مضبوط رابطہ بھی اہم ضرورت بن چکا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ این ویڈیا جیسی ٹیکنالوجی کمپنیاں اب صرف چپس فروخت کرنے تک محدود رہنے کے بجائے اس بنیادی ڈھانچے میں بھی براہ راست سرمایہ کاری کر رہی ہیں جہاں ان کی چپس استعمال کی جائیں گی۔
این ویڈیا کے مطابق زمین، بجلی اور عمارت اے آئی ڈیٹا سینٹرز کی بنیاد ہیں، جبکہ کلوور لیف ایسے مقامات تیار کرنے میں مہارت رکھتی ہے جہاں مستقبل میں بڑے پیمانے پر کمپیوٹنگ انفراسٹرکچر قائم کیا جاسکے۔
یہ سرمایہ کاری عالمی رئیل اسٹیٹ مارکیٹ میں ابھرتے ہوئے نئے رجحان کی بھی نشاندہی کرتی ہے، جہاں اے آئی کے پھیلاؤ کے ساتھ ایسی زمین کی اہمیت تیزی سے بڑھ رہی ہے جو بڑی مقدار میں بجلی اور ڈیٹا سینٹر تعمیر کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔