تاریخ اشاعت: July 23, 2026 - 2:56 PM
Pakistan’s First Shariah Compliant Hotel REIT Launched
پاکستان کا پہلا شرعی اصولوں کے مطابق ہوٹل REIT متعارف
حیدرآباد میں 139 کمروں کا بین الاقوامی برانڈ ہوٹل تعمیر ہوگا، ماحول دوست منصوبہ عالمی معیار کے مطابق تعمیر کیا جائے گا
جے ایس انویسٹمنٹس نے پاکستان کا پہلا شرعی اصولوں کے مطابق اور ماحول دوست ہوٹل ریئٹ (REIT) متعارف کرا دیا ہے۔
ریئٹ سے مراد رئیل اسٹیٹ میں سرمایہ کاری کرنے والا ایسا فنڈ ہے جس کے ذریعے لوگ براہ راست زمین یا عمارت خریدے بغیر کسی جائیداد یا تعمیراتی منصوبے میں سرمایہ لگا سکتے ہیں۔
اس منصوبے کا مرکزی اثاثہ حیدرآباد کے قاسم آباد بائی پاس پر تعمیر ہونے والا 139 کمروں پر مشتمل ہوٹل ہوگا۔ ہوٹل کو ایک بین الاقوامی برانڈ کے تحت چلانے کا منصوبہ ہے۔
یہ منصوبہ جے ایس انویسٹمنٹس کے زیر انتظام ہوگا جبکہ اسے گوہر گروپ کے اشتراک سے تیار کیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق ہوٹل کی تعمیر میں توانائی کی بچت، وسائل کے بہتر استعمال اور ماحول پر منفی اثرات کم کرنے کے عالمی معیار شامل کیے جائیں گے۔
شرعی اصولوں کے مطابق ہونے کا مطلب ہے کہ فنڈ کی سرمایہ کاری اور آمدنی کا نظام اسلامی مالیاتی اصولوں کے تحت چلایا جائے گا۔
اس منصوبے سے سرمایہ کاروں کو پاکستان کے ہوٹل اور رئیل اسٹیٹ شعبے میں ایک نئے طریقے سے سرمایہ کاری کرنے کا موقع ملے گا، جبکہ حیدرآباد میں ہوٹل اور سیاحت کی سہولتوں میں بھی اضافہ متوقع ہے۔