تاریخ اشاعت: September 15, 2026 - 11:13 AM
Dubai : Rotana Plans 40 New Hotels, Creating 5,000 Jobs Across Pakistan and Other Markets
دبئی : روٹانا کا 40 نئے ہوٹل کھولنے کا منصوبہ، پاکستان سمیت مختلف ممالک میں 5 ہزار ملازمتیں پیدا ہوں گی
▫️گروپ پانچ سے چھ برس میں سعودی عرب، مصر، پاکستان، صومالیہ اور جارجیا سمیت مختلف مارکیٹس میں توسیع کریگا
دبئی | ری نیوز انٹرنیشنل ڈیسک نیوزمتحدہ عرب امارات کے معروف ہوٹل گروپ روٹانا نے اگلے پانچ سے چھ برس کے دوران مختلف عالمی مارکیٹس میں تقریباً 40 نئی پراپرٹیز کھولنے کے منصوبے کے تحت لگ بھگ 5,000 نئی ملازمتیں پیدا کرنے کا اعلان کیا ہے، جبک...
متحدہ عرب امارات کے معروف ہوٹل گروپ روٹانا نے اگلے پانچ سے چھ برس کے دوران مختلف عالمی مارکیٹس میں تقریباً 40 نئی پراپرٹیز کھولنے کے منصوبے کے تحت لگ بھگ 5,000 نئی ملازمتیں پیدا کرنے کا اعلان کیا ہے، جبکہ گروپ کی توسیعی حکمت عملی میں پاکستان بھی شامل ہے۔
روٹانا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے مطابق کمپنی اس وقت 80 ہوٹل چلا رہی ہے اور اس کے ملازمین کی تعداد لگ بھگ 10,000 ہے۔ گروپ سعودی عرب، مصر، پاکستان، صومالیہ، جارجیا اور دیگر مارکیٹس میں اپنی موجودگی بڑھانے کی تیاری کر رہا ہے۔
کمپنی رواں سال اب تک تین نئی پراپرٹیز کھول چکی ہے، جبکہ راس الخیمہ میں ایک اور ہوٹل آئندہ چند ہفتوں میں کھولنے کا منصوبہ ہے۔
روٹانا کی توسیعی پائپ لائن میں شامل تقریباً ایک چوتھائی پراپرٹیز سعودی عرب میں واقع ہوں گی۔ ان میں بڑے شہروں کے ساتھ چھوٹے شہری مراکز بھی شامل ہیں، جبکہ ریاض میں ایک نئے منصوبے پر بھی پیش رفت جاری ہے۔
بارنس نے سعودی عرب کو روٹانا کیلئے طویل مدتی سٹریٹجک مارکیٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ گروپ خطے میں اپنی موجودگی مزید مستحکم کرنا چاہتا ہے۔
خلیج سے باہر روٹانا افریقہ اور جنوبی ایشیا میں بھی توسیع کر رہا ہے۔ منصوبہ بند پراپرٹیز میں پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد، صومالیہ کے شہر موغادیشو اور مصر کے متعدد منصوبے شامل ہیں۔
پاکستان میں روٹانا کی توسیع خصوصی اہمیت رکھتی ہے کیونکہ کمپنی کے مطابق پاکستان اور جارجیا جیسے ممالک میں نئی پراپرٹیز کیلئے افرادی قوت کا بڑا حصہ مقامی مارکیٹ سے حاصل کیا جائے گا، جس سے مقامی سطح پر روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔
کمپنی کے مطابق نئی پراپرٹیز میں ملازمین کی تعداد ہوٹل کے حجم کے مطابق مختلف ہوگی۔ نسبتاً چھوٹے ہوٹلوں میں تقریباً 80 سے 100 افراد جبکہ بڑے ہوٹلوں میں 200 سے 300 تک ملازمین کام کر سکتے ہیں۔
روٹانا نے حالیہ علاقائی کشیدگی اور کاروباری مشکلات کے دوران بھی ملازمین کو فارغ نہ کرنے کی پالیسی برقرار رکھی۔ بارنس کے مطابق گروپ نے نہ کسی ہوٹل کو بند کیا اور نہ ہی ملازمین کی چھانٹی کی، اگرچہ ایک محدود مدت کیلئے عملے نے تنخواہوں میں کمی کا بوجھ مشترکہ طور پر برداشت کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بحران کے دوران ملازمین کو برقرار رکھنے کے فیصلے نے کمپنی اور عملے کے درمیان اعتماد اور وفاداری کو مضبوط کیا، جس کے مثبت اثرات مہمانوں کے اطمینان اور سروس کے معیار پر بھی نظر آ رہے ہیں۔
روٹانا کی منصوبہ بند توسیع ایسے وقت میں سامنے آ رہی ہے جب مشرق وسطیٰ، افریقہ اور جنوبی ایشیا میں سیاحت اور مہمان نوازی کے شعبوں میں نئی سرمایہ کاری جاری ہے، جبکہ سعودی عرب اور مصر بڑے سیاحتی اور رئیل اسٹیٹ منصوبوں کے ذریعے اپنی ہاسپیٹیلٹی مارکیٹس کو تیزی سے وسعت دے رہے ہیں۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ہوٹل انڈسٹری میں ترقیاتی پائپ لائن میں شامل تمام منصوبے لازمی طور پر حتمی مرحلے تک نہیں پہنچتے اور وقت کے ساتھ منصوبوں کی مجموعی تعداد میں تبدیلی ممکن ہے۔
اس کے باوجود تقریباً 40 پراپرٹیز پر مشتمل موجودہ توسیعی منصوبہ روٹانا کی بین الاقوامی موجودگی بڑھانے کی بڑی حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے، جس میں پاکستان سمیت نئی اور ابھرتی ہوئی مارکیٹس کو اہم مقام حاصل ہے۔