تاریخ اشاعت: June 17, 2026 - 12:15 AM
Türkiye: House sales reach highest level of the year
ترکی: گھروں کی فروخت رواں سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
▫️ترکی بھر میں 1 لاکھ 26 ہزار 808 گھر فروخت ہوئے، رہن کے ذریعے گھروں کی خریداری میں 40.5 فیصد اضافہ ریکارڈ، غیر ملکی خریداروں کو فروخت 1.1 فیصد کم رہی
ترکی کی پراپرٹی مارکیٹ میں سرگرمی میں تیزی دیکھی گئی، جہاں رہائشی گھروں کے ساتھ کمرشل املاک کی فروخت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ترکی بھر میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 26 ہزار 808 گھر فروخت ہوئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 2.6 فیصد زیادہ ہیں۔
ترک ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ سال ایک لاکھ 23 ہزار 569 گھروں کی فروخت ریکارڈ کی گئی تھی، جبکہ رواں سال اب تک کی سب سے بلند سطح ہے۔ گزشتہ سال دسمبر میں ریکارڈ فروخت کے بعد رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں گھروں کی فروخت نسبتاً کم رہی تھی، تاہم بعد میں مارکیٹ نے دوبارہ رفتار پکڑی۔
اعداد و شمار کے مطابق نئے گھروں کی فروخت سالانہ بنیادوں پر 9.6 فیصد اضافے کے ساتھ 40 ہزار 306 یونٹس تک پہنچ گئی۔ دوسری جانب پرانے گھروں کی فروخت 0.3 فیصد کمی کے ساتھ 86 ہزار 502 یونٹس رہی۔ یوں مجموعی فروخت میں نئے گھروں کا حصہ 31.8 فیصد جبکہ پہلے سے موجود گھروں کا حصہ 68.2 فیصد رہا۔
رہن یا قرض کے ذریعے خریدے گئے گھروں کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جو 40.5 فیصد بڑھ کر 25 ہزار 771 یونٹس تک پہنچ گئی۔ یہ تعداد مجموعی گھریلو لین دین کا 20.3 فیصد بنتی ہے۔
دوسری جانب غیر ملکی خریداروں کو گھروں کی فروخت 1.1 فیصد کمی کے ساتھ 1 ہزار 516 یونٹس رہی۔ اعداد و شمار کے مطابق روسی، چینی اور ایرانی شہری ترکی میں گھروں کے نمایاں خریداروں میں شامل رہے۔ جنوری سے اپریل کے دوران غیر ملکیوں کو گھروں کی فروخت سالانہ بنیادوں پر 11.6 فیصد کمی کے ساتھ 5 ہزار 681 یونٹس رہی۔
رواں سال ترکی میں گھروں کی مجموعی فروخت 4 لاکھ 76 ہزار 204 یونٹس رہی، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 0.5 فیصد زیادہ ہے۔
ترک ادارہ شماریات کی جانب سے ماہانہ ہاؤسنگ رپورٹ میں حال ہی میں شامل کی گئی کمرشل املاک کی فروخت میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔ نئے کمرشل یونٹس کی فروخت سالانہ بنیادوں پر 14.3 فیصد اضافے کے ساتھ 4 ہزار 301 یونٹس تک پہنچ گئی، جبکہ سیکنڈ ہینڈ کمرشل املاک کی فروخت 8.7 فیصد اضافے کے ساتھ 11 ہزار 393 یونٹس رہی۔