تاریخ اشاعت: July 27, 2026 - 3:29 PM
Government Moves to Automate Official Housing Allotments, Prepares Major Amendments to Rules
سرکاری رہائشی مکانات کی الاٹمنٹ کا نظام خودکار بنانے کا فیصلہ، قواعد میں بڑی ترامیم کی منظوری کی تیاری
وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات نے الاٹمنٹ کیلئے نیا سافٹ ویئر تیار کر لیا، سمری منظوری کیلئے وزیراعظم کو ارسال، 14 اگست سے خودکار نظام نافذ کیے جانے کا امکان
وفاقی وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات نے سرکاری رہائشی مکانات کی الاٹمنٹ کے نظام کو مزید شفاف، منصفانہ اور جدید بنانے کے لیے الاٹمنٹ رولز میں اہم ترامیم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مجوزہ اصلاحات کے تحت سرکاری ملازمین کو رہائشی مکانات کی الاٹمنٹ مکمل طور پر خودکار (آٹومیٹڈ) نظام کے ذریعے کی جائے گی، جس سے انسانی مداخلت میں نمایاں کمی آئے گی اور میرٹ کی بنیاد پر الاٹمنٹ کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
ذرائع کے مطابق یہ ترامیم کابینہ ڈویژن کے سیکرٹری کامران علی افضل کی سربراہی میں قائم اعلیٰ سطحی کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں تیار کی گئی ہیں۔ کمیٹی میں سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری قانون بھی شامل تھے، جنہوں نے موجودہ نظام کا جائزہ لینے کے بعد شفافیت اور مؤثر انتظامی اصلاحات کے لیے متعدد سفارشات مرتب کیں۔
وزارت ہاؤسنگ و تعمیرات کے سیکرٹری کیپٹن (ر) محمد محمود کی ہدایت پر اسٹیٹ آفس نے سرکاری رہائشی مکانات کی الاٹمنٹ کے لیے جدید سافٹ ویئر تیار کر لیا ہے، جسے اس وقت آزمائشی بنیادوں پر ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔ مجوزہ ترامیم کی سمری منظوری کے لیے وزیراعظم کو بھجوائی جا چکی ہے، جبکہ منظوری کے بعد نئے قواعد پر باضابطہ عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے نظام کے تحت سرکاری ملازم اپنے قومی شناختی کارڈ نمبر کے ذریعے درخواست جمع کرائے گا۔ سافٹ ویئر خودکار طریقے سے متعلقہ کیٹیگری، سروس ریکارڈ اور سنیارٹی کا جائزہ لے کر میرٹ لسٹ تیار کرے گا، جس کے بعد دستیاب خالی رہائشی مکان اسی کیٹیگری کے سب سے سینئر اہل ملازم کو الاٹ کر دیا جائے گا۔
اسٹیٹ آفس نے نئے نظام کے نفاذ کی تیاریوں کے پیش نظر فی الحال سرکاری مکانات کی نئی الاٹمنٹ کا عمل عارضی طور پر روک دیا ہے۔ اس کے علاوہ متعلقہ ڈیش بورڈ اور ویب سائٹ بھی وقتی طور پر بند کر دی گئی ہے تاکہ نئے خودکار نظام کو حتمی شکل دی جا سکے۔
ذرائع کے مطابق حکومت کی کوشش ہے کہ نیا خودکار الاٹمنٹ سسٹم 14 اگست سے نافذ کر دیا جائے۔ حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے الاٹمنٹ کے عمل میں شفافیت، رفتار اور اعتماد میں اضافہ ہوگا، جبکہ میرٹ پر مبنی فیصلوں کے ذریعے شکایات اور انتظامی پیچیدگیوں میں بھی نمایاں کمی آئے گی۔