تاریخ اشاعت: September 3, 2026 - 11:01 AM
Islamabad High Court Overturns Decision Declaring Housing Society ‘Pakistan Naval Farms’ Illegal
اسلام آباد ہائیکورٹ نے ہاؤسنگ سوسائٹی 'پاکستان نیول فارمز' کو غیر قانونی قرار دینے کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا
▫️عدالت نے نیول سیلنگ کلب گرانے، سابق نیول چیف کے خلاف کارروائی اور زمین کے انتقال سے متعلق سنگل بنچ کے احکامات بھی منسوخ کر دیے
اسلام آباد | ری نیوز پاکستاناسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان نیول فارمز کو غیر قانونی قرار دینے سے متعلق سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے وزارت دفاع اور سابق نیول چیف ایڈمرل (ر) ظفر محمود عباسی کی انٹراکورٹ اپیلیں منظور کر لی ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان نیول فارمز کو غیر قانونی قرار دینے سے متعلق سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے وزارت دفاع اور سابق نیول چیف ایڈمرل (ر) ظفر محمود عباسی کی انٹراکورٹ اپیلیں منظور کر لی ہیں۔
جسٹس انعام امین منہاس اور جسٹس شاہ رخ ارجمند پر مشتمل ڈویژن بنچ نے 2022 میں اس وقت کے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ کے سنگل بنچ کی جانب سے جاری کیے گئے فیصلے کو کالعدم قرار دیا۔
عدالت نے راول جھیل کے کنارے قائم نیول سیلنگ کلب کی عمارت گرانے سے متعلق حکم بھی ختم کر دیا، جبکہ سابق نیول چیف ظفر محمود عباسی کے خلاف مس کنڈکٹ اور فوجداری کارروائی سے متعلق احکامات بھی کالعدم قرار دے دیے گئے۔
ڈویژن بنچ نے قومی خزانے کو پہنچنے والے مبینہ نقصان کا تخمینہ لگانے اور متعلقہ افسران سے رقم کی واپسی کے لیے آڈیٹر جنرل کو دی گئی ہدایات بھی منسوخ کر دیں۔
اسی طرح پاکستان نیوی ہیڈکوارٹر کے دفتر کے نام پر زمین کے انتقال کو غیر قانونی قرار دینے سے متعلق سنگل بنچ کا فیصلہ بھی کالعدم قرار دے دیا گیا۔
انٹراکورٹ اپیلوں کی سماعت کے دوران اپیل کنندگان کی جانب سے اشتر اوصاف، سردار احمد جمال اور عبد الواحد قریشی عدالت میں پیش ہوئے، جبکہ وفاق کی جانب سے ایڈیشنل اٹارنی جنرل، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل اور سی ڈی اے کے وکیل نے عدالت کی معاونت کی۔
اپیل کنندگان نے مؤقف اختیار کیا کہ صدر پاکستان کی جانب سے ہاؤسنگ سوسائٹی کی ویلفیئر سکیم کے لیے زمین کی خریداری کی منظوری دی گئی تھی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد سنگل بنچ کے فیصلے کے خلاف انٹراکورٹ اپیلیں منظور کرتے ہوئے متعلقہ احکامات کالعدم قرار دے دیے۔