تاریخ اشاعت: May 15, 2026 - 9:50 AM
Major Housing Sector Reforms Approved as Prime Minister Orders Focus on Digital System, Transparency and Affordable Homes
ہاؤسنگ سیکٹر میں بڑی اصلاحات کا فیصلہ، وزیراعظم کی ڈیجیٹل نظام، شفافیت اور سستے گھروں پر توجہ کی ہدایت
▫️بے ہنگم شہری پھیلاؤ روکنے، زرعی زمین کے تحفظ، بڑے شہروں میں بلند عمارتوں اور ون ونڈو سسٹم کے لیے صوبوں سے مشاورت کی ہدایت
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی کے پیش نظر ہاؤسنگ کے شعبے میں اصلاحات وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ کم آمدنی والے طبقے کے لیے رہائش کی فراہمی، سستے گھروں کے منصوبے، نجی شعبے کی حوصلہ افزائی اور شہری سہولیات کی بہتری حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ہاؤسنگ کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ہاؤسنگ سیکٹر کو منظم، شفاف اور سرمایہ کاری کے لیے زیادہ قابل اعتماد بنانے کے حوالے سے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں آبادی میں تیزی سے اضافے اور بے ہنگم شہری پھیلاؤ کے باعث زرعی زمین پر دباؤ بڑھ رہا ہے، جس کے لیے جامع اور مؤثر حکمت عملی تیار کرنا ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہری ترقی کو بہتر منصوبہ بندی کے تحت آگے بڑھایا جائے تاکہ زرعی رقبے کا تحفظ بھی ممکن ہو اور عوام کو بہتر رہائشی سہولیات بھی فراہم کی جا سکیں۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ہاؤسنگ کے شعبے میں تمام معاملات کو ڈیجیٹائز اور آٹو میٹ کیا جائے تاکہ شفافیت کو فروغ ملے، بدعنوانی کے امکانات کم ہوں اور شہریوں، خریداروں، ڈویلپرز اور سرمایہ کاروں کو سہولت میسر آ سکے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک سرمایہ کاروں کو ہاؤسنگ سیکٹر کی جانب راغب کرنے کے لیے اس شعبے کو واضح ضابطہ کار کے تحت لانا ضروری ہے۔
اجلاس کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہاؤسنگ سیکٹر میں شفافیت لانے کے لیے معتبر سرمایہ کاروں اور ڈویلپرز کو سہولت فراہم کرنے کی غرض سے ریگولیٹری فریم ورک کو آسان بنایا جائے گا۔ بریفنگ میں تجویز دی گئی کہ ہاؤسنگ اور ڈیولپمنٹ سیکٹر میں کام کرنے والوں کے لیے ایس ای سی پی میں رجسٹریشن لازمی قرار دی جانی چاہیے تاکہ شعبے میں جوابدہی اور اعتماد کو فروغ دیا جا سکے۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ شہروں کے بے ترتیب پھیلاؤ کو روکنے کے لیے جامع حکمت عملی بنائی جائے گی۔ بڑے شہروں میں اونچی عمارتوں اور ورٹیکل ایکسپینشن کی حوصلہ افزائی کی جائے گی تاکہ محدود زمین کو بہتر انداز میں استعمال کیا جا سکے۔ اجلاس میں بڑے شہروں کے لیے ماسٹر ٹاؤن پلاننگ کی تجویز بھی پیش کی گئی۔
اجلاس میں ڈویلپرز، خریداروں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے حقوق کے تحفظ کے لیے ون ونڈو سسٹم قائم کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔ اس نظام کا مقصد منظوریوں، رجسٹریشن، شکایات اور دیگر متعلقہ معاملات کو ایک ہی پلیٹ فارم پر لانا ہے تاکہ غیر ضروری تاخیر، پیچیدہ دفتری عمل اور غیر شفاف طریقہ کار کو کم کیا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ان تجاویز پر صوبوں کے ساتھ مشاورت کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ہاؤسنگ سیکٹر میں اصلاحات وفاق اور صوبوں کے تعاون سے ہی مؤثر انداز میں آگے بڑھ سکتی ہیں۔
اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ، وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی روابط رانا ثناء اللہ، وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، چیئرمین نیب لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد بٹ، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔