تاریخ اشاعت: August 7, 2026 - 4:28 PM
Maryam Nawaz Directs Survey of Dilapidated Buildings Across Punjab After Monsoon
مریم نواز کی مون سون کے بعد پنجاب بھر میں خستہ حال عمارتوں کے سروے کرانے کی ہدایت
▫️پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون جلد مکمل کرنے کا حکم، سیوریج و ڈرینج منصوبوں کی امپیکٹ سٹڈی رپورٹ بھی طلب
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مون سون کے فوری بعد صوبے کے تمام شہروں میں خستہ حال اور خطرناک عمارتوں کا جامع سروے کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کے منصوبے جلد مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی پیش رفت، سیوریج، ڈرینج اور شہری انفراسٹرکچر سے متعلق اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ پنجاب بھر کے تمام ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ون کی کیس سٹڈی تیار کرنے کے ساتھ ساتھ سیوریج اور ڈرینج منصوبوں کے اثرات سے متعلق امپیکٹ اسٹڈی رپورٹ بھی طلب کرلی۔ انہوں نے منصوبوں کے حوالے سے عوامی فیڈ بیک مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی تاکہ شہری سہولیات میں بہتری کے حقیقی اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔
اجلاس میں وہاڑی، بوریوالا، تاندلیانوالہ، جڑانوالہ، جلال پور جٹاں، سمبڑیال، مریدکے، کھڈیاں، کبیروالا، چک جھمرہ، بھلوال اور اٹک سمیت مختلف شہروں میں جاری پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔
اسی طرح کمالیہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، گوجرہ، علی پور چٹھہ، چیچہ وطنی، ڈسکہ، لیہ، سلانوالی، وزیرآباد، بہاولنگر اور میلسی میں جاری منصوبوں کی پیش رفت بھی زیر غور آئی، جبکہ ساہیوال، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، شیخوپورہ، ننکانہ صاحب، راولپنڈی اور سیالکوٹ کے منصوبوں سے متعلق رپورٹس پیش کی گئیں۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ پنجاب کے 29 شہروں میں زیر زمین واٹر سٹوریج ٹینک مکمل طور پر فعال ہو چکے ہیں، جبکہ مزید 21 شہروں میں ان کی تعمیر جاری ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مون سون کے دوران نکاسی آب اور ہنگامی صورتحال میں بہتر کارکردگی پر ضلعی انتظامیہ، واسا اور ستھرا پنجاب کے اہلکاروں کو سراہا۔
انہوں نے لاہور کے ڈپٹی کمشنر کیپٹن علی اعجاز کی باغبانپورہ واقعے کے دوران مسلسل 27 گھنٹے موقع پر موجود رہنے اور آخری شہری کو ملبے سے نکالنے تک امدادی کارروائیوں کی نگرانی کرنے پر تعریف کی۔
وزیراعلیٰ نے گوجرانوالہ میں ریکارڈ بارش کے باوجود چھ گھنٹے سے بھی کم وقت میں نکاسی آب مکمل کرنے پر ڈپٹی کمشنر نوید احمد شیخ کی کارکردگی کو بھی سراہا۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ مختلف شہروں میں نئے سیوریج نظام کی تنصیب کے بعد نکاسی آب میں واضح بہتری سامنے آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مون سون کے دوران ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز، واسا اور ستھرا پنجاب نے مؤثر کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ بارشوں کے دوران شہریوں کی سہولت اور مشکلات کے ازالے کے لیے دن رات کام کرنے والے افسران اور اہلکار تحسین کے مستحق ہیں۔