تاریخ اشاعت: October 6, 2026 - 11:01 AM
Maryam Nawaz Receives UN-Habitat Scroll of Honour Award 2026 for ‘Apni Chhat, Apna Ghar’ Programme
مریم نواز نے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کیلئے یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ 2026 وصول کرلیا
▫️ وزیراعلیٰ عالمی اعزاز پروگرام کے تحت گھر بنانے والے خاندانوں کے نام کر دیا، تقریب مسقط کے شہر عمان میں ہوئی
لاہور | ری نیوز پاکستانپنجاب کے فلیگ شپ ہاؤسنگ پروگرام ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ کو عالمی سطح پر بڑی پذیرائی ملی ہے اور پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) نے کم آمدن رکھنے والے خاندانوں کو محفوظ، مناسب اور سستی رہائش تک رسائی فراہ...
پنجاب کے فلیگ شپ ہاؤسنگ پروگرام ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ کو عالمی سطح پر بڑی پذیرائی ملی ہے اور پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) نے کم آمدن رکھنے والے خاندانوں کو محفوظ، مناسب اور سستی رہائش تک رسائی فراہم کرنے پر یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ 2026 حاصل کر لیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مسقط کے عمان کنونشن اینڈ ایگزیبیشن سینٹر میں عالمی یوم رہائش کے موقع پر منعقدہ تقریب میں یہ ایوارڈ وصول کیا۔
وزیراعلیٰ کو تقریب میں سٹیٹ گیسٹ کی حیثیت سے مدعو کیا گیا تھا۔ مریم نواز شریف نے عالمی اعزاز کو ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت اپنے مکانات تعمیر کرنے والے خاندانوں کے نام کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی ان لوگوں کی ہے جن کا اپنے گھر کا خواب حقیقت میں تبدیل ہوا۔
سال 2026 کے یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر کیلئے دنیا بھر سے پانچ فاتحین کا انتخاب کیا گیا، جن میں پاکستان کے علاوہ میانمار، برازیل، تیونس اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والے منصوبے اور شخصیات شامل ہیں۔
مسقط میں ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے کی تقریب میں یو این ہیبی ٹیٹ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر اینا کلوڈیا روزباخ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور دیگر بین الاقوامی شرکاء کا خیرمقدم کیا۔ رواں سال عالمی یوم رہائش کی تقریبات کا مرکزی موضوع سب کیلئے مناسب رہائش کی فراہمی رکھا گیا تھا۔
’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ پروگرام کے تحت اہل کم آمدن خاندانوں کو بلاسود قرض فراہم کیے جاتے ہیں تاکہ وہ اپنی ملکیتی زمین پر گھر تعمیر کر سکیں۔ پروگرام پر عملدرآمد پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔
پنجاب حکومت نے پانچ سال کے دوران پانچ لاکھ خاندانوں کو گھروں کی تعمیر کیلئے سہولت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کر رکھا ہے۔ منصوبے کا بنیادی مقصد ایسے کم آمدن گھرانوں کو ہاؤسنگ فنانس تک رسائی دینا ہے جو روایتی مالیاتی نظام کے ذریعے گھر بنانے کیلئے قرض حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا کرتے رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عالمی یوم رہائش کے موقع پر مستحق خاندانوں کو چھت فراہم کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت سستی رہائش کے دائرہ کار کو مزید وسیع کرنے کیلئے اقدامات جاری رکھے گی۔
وزیراعلیٰ نے ورلڈ ہیبی ٹیٹ ڈے کے موقع پر یو این ہیبی ٹیٹ کی خصوصی نمائش کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کی جبکہ انہیں ڈویلپمنٹ ایگریمنٹس پر دستخط کی تقریب سمیت دیگر سرگرمیوں میں بھی خصوصی طور پر مدعو کیا گیا۔
یو این ہیبی ٹیٹ سکرول آف آنر ایوارڈ 1989 میں شروع کیا گیا تھا اور یہ اقوام متحدہ کے ہیومن سیٹلمنٹس پروگرام کے نمایاں ترین بین الاقوامی اعزازات میں شمار ہوتا ہے۔ یہ ایوارڈ رہائش، پائیدار شہری ترقی، بنیادی شہری سہولتوں میں بہتری اور لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے نمایاں خدمات انجام دینے والے افراد، اداروں اور منصوبوں کو دیا جاتا ہے۔
سال 2026 کے ایوارڈ کیلئے دنیا کے مختلف خطوں سے 100 سے زائد نامزدگیاں موصول ہوئی تھیں، جن میں سے پانچ فاتحین کا انتخاب کیا گیا۔ منتخب منصوبوں اور شخصیات کی خدمات سستی رہائش، بے گھر اور بے دخل افراد کی معاونت، موسمیاتی مزاحمت رکھنے والی تعمیرات اور جامع شہری ترقی سمیت مختلف شعبوں سے متعلق ہیں۔