تاریخ اشاعت: February 10, 2026 - 11:00 AM
Nepra Abolishes Net Metering, Introduces New Net Billing Framework.
نیپرا کا نیٹ میٹرنگ نظام ختم، نیٹ بلنگ کا نیا فریم ورک نافذ.
▫️ اضافی سولر بجلی اب قومی اوسط قیمت پر خریدی جائے گی، یونٹ کے بدلے یونٹ سہولت ختم.
اسلام آباد | ری نیوز پاکستان پاکستان میں گھریلو اور تجارتی سطح پر نصب سولر سسٹمز سے متعلق پالیسی میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نیٹ میٹرنگ کا موجودہ نظام ختم کر کے نیٹ بلنگ کے نئے ضابطے نافذ ک...
پاکستان میں گھریلو اور تجارتی سطح پر نصب سولر سسٹمز سے متعلق پالیسی میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے نیٹ میٹرنگ کا موجودہ نظام ختم کر کے نیٹ بلنگ کے نئے ضابطے نافذ کر دیے ہیں۔ اس سلسلے میں نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز 2026 کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔
نئے فریم ورک کے تحت صارفین کو اب ’’یونٹ کے بدلے یونٹ‘‘ کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی۔ اس کے بجائے گرڈ کو فراہم کی جانے والی اضافی بجلی کی ادائیگی سہ ماہی بنیادوں پر کی جائے گی اور اسے قومی اوسط خرید قیمت پر خریدا جائے گا، جو اس وقت تقریباً 11 روپے فی یونٹ بتائی جا رہی ہے۔ جبکہ گرڈ سے حاصل کی جانے والی بجلی پر موجودہ ٹیرف بدستور لاگو رہے گا، جو کئی صارفین کے لیے 50 روپے فی یونٹ سے بھی زیادہ ہے۔
ضوابط کے مطابق نئے صارفین کے لیے ریٹیل ٹیرف کے برابر کریڈٹ دینے کا طریقہ کار ختم کر دیا گیا ہے۔ نیٹ میٹرنگ معاہدے کی مدت پانچ سال مقرر کی گئی ہے، جس کے بعد مزید پانچ سال کے لیے تجدید کی جا سکے گی۔ یہ قواعد بائیو گیس صارفین پر بھی لاگو ہوں گے، جبکہ تقسیم کار کمپنیوں کے صارفین کو دو طرفہ یا علیحدہ میٹر نصب کرنا ہوں گے۔
پاور ڈویژن کے مطابق ملک میں سولر تنصیبات میں تیزی سے اضافے کے باعث گرڈ کی آمدنی اور مالی توازن متاثر ہو رہا تھا۔ اندازوں کے مطابق ملک بھر میں چھتوں پر لگے سولر سسٹمز کی مجموعی استعداد تقریباً 6,000 میگاواٹ تک پہنچ چکی ہے، جس کا بڑا حصہ گھروں، کاروباری مراکز اور صنعتی یونٹس میں موجود ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2024 کے دوران گرڈ سے بجلی کی فروخت میں 3.2 ارب یونٹس کمی ریکارڈ کی گئی، جس سے تقسیم کار کمپنیوں کو تقریباً 101 ارب روپے کا مالی دباؤ برداشت کرنا پڑا۔ متعلقہ حلقوں کا کہنا ہے کہ اس کمی کا اثر عمومی ٹیرف پر بھی پڑا اور دیگر صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
نیپرا کے مطابق نئے نظام کا مقصد بجلی کے شعبے میں مالی توازن برقرار رکھنا، نرخوں کے بگاڑ کو کم کرنا اور گرڈ کے استحکام کو بہتر بنانا ہے، جبکہ صارفین کے لیے سولر توانائی کے استعمال کو ضابطہ بندی کے تحت جاری رکھا جائے گا۔