تاریخ اشاعت: May 6, 2026 - 10:00 AM
Sindh High Court Expresses Concern Over Delay in Karachi Red Line BRT Project
کراچی ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے میں تاخیر پر سندھ ہائی کورٹ کا اظہارِ تشویش
▫️کسی منصوبے کی تکمیل کے لیے پوری عمر نہیں دی جا سکتی, عدالت کے ریمارکس
سندھ ہائی کورٹ نے کراچی کے ریڈ لائن بس ریپڈ ٹرانزٹ منصوبے کی تکمیل میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیے ہیں کہ منصوبے کی سست رفتاری کے باعث شہری مسلسل مشکلات کا شکار ہیں۔
جسٹس نثار احمد بھنبھرو اور جسٹس سلیم جیسّر پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ریڈ لائن بی آر ٹی لاٹ ٹو کے کنٹریکٹر کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں کنٹریکٹر کے دفتر کو سیل کیے جانے اور منصوبے پر عملدرآمد سے متعلق کنٹریکٹر اور متعلقہ حکام کے درمیان جاری تنازع کا معاملہ اٹھایا گیا ہے۔
سماعت کے دوران جسٹس نثار احمد بھنبھرو نے ریمارکس دیے کہ یونیورسٹی روڈ سے صفورا تک کام کی رفتار اطمینان بخش نظر نہیں آ رہی، عدالت کو بھی منصوبے میں تاخیر پر تشویش ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ منصوبہ شروع ہوتے ہی سائیڈ روڈز فوری طور پر تعمیر کی جانی چاہیے تھیں تاکہ شہریوں کی مشکلات کم ہوتیں۔
بینچ نے مزید ریمارکس دیے کہ کسی منصوبے کی تکمیل کے لیے پوری عمر نہیں دی جا سکتی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ جب ڈیزائنز ہی تاخیر سے مل رہے ہوں تو منصوبہ مقررہ وقت میں کیسے مکمل ہوگا؟
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ منصوبے کے ڈیزائن میں بار بار تبدیلیاں تاخیر کی بڑی وجہ بنیں۔ ان کے مطابق کئی مرتبہ یہ کہہ کر ڈیزائن تبدیل کیا گیا کہ منصوبے کے راستے میں کے فور پانی کی لائن بھی بچھائی جائے گی۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ عوام میں یہ تاثر دیا گیا کہ منصوبے میں تاخیر کا ذمہ دار صرف کنٹریکٹر ہے، حالانکہ عوام کنٹریکٹر اور حکومت کے درمیان جاری تنازع کی وجہ سے مشکلات برداشت کر رہے ہیں اور تاخیر کی اصل وجوہات واضح طور پر سامنے نہیں لائی جا رہیں۔
جسٹس سلیم جیسّر نے ریمارکس دیے کہ ریڈ لائن بی آر ٹی ایک بڑا انفراسٹرکچر منصوبہ ہے اور ایسے منصوبے کے لیے معاہدہ مکمل ڈیزائن کے بعد کیا جاتا ہے۔ عدالت نے سوال اٹھایا کہ جب ڈیزائن ہی مکمل نہ ہو تو کام کیسے ہموار انداز میں آگے بڑھ سکتا ہے؟
درخواست گزار کے وکیل نے یہ بھی الزام عائد کیا کہ معاملے کو تاخیر کا شکار کیا جا رہا ہے تاکہ کنٹریکٹ کسی دوسری کمپنی کو دیا جا سکے۔ وکیل کے مطابق متعلقہ حکام نے ایشیائی ترقیاتی بینک کو بھی لکھا کہ کنٹریکٹر درست انداز میں کام نہیں کر رہا۔
اس پر جسٹس سلیم جیسّر نے ریمارکس دیے کہ بظاہر حکام اپنی ذمہ داری سے خود کو بری الذمہ ثابت کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے اپنے دلائل مکمل کر لیے۔ عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل سندھ اور ٹرانس کراچی کے وکیل کو آئندہ سماعت پر دلائل پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔