تاریخ اشاعت: August 19, 2026 - 4:05 PM
Lahore Housing Societies Face Aug 31 Deadline to Digitise Property Records
لاہور کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو پراپرٹی ریکارڈ ڈیجیٹل کرنے کیلئے 31 اگست تک مہلت
▫️پراپرٹی کی خرید و فروخت کیلئے سرٹیفکیٹ کا نظام یکم جولائی سے نافذ، نجی ہاؤسنگ سکیموں کو خرید و فروخت کا مکمل ریکارڈ سرکاری ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کی ہدایت
لاہور | ری نیوز پاکستانلاہور کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو پراپرٹی کی خرید و فروخت کا مکمل ریکارڈ 31 اگست 2026 تک ہاؤسنگ سوسائٹیز مینجمنٹ سسٹم پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کا مقصد پراپرٹی کی ملکیت کی تصدیق آسان بنانا اور جعل سازی کے...
لاہور کی نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو پراپرٹی کی خرید و فروخت کا مکمل ریکارڈ 31 اگست 2026 تک ہاؤسنگ سوسائٹیز مینجمنٹ سسٹم پر منتقل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، جس کا مقصد پراپرٹی کی ملکیت کی تصدیق آسان بنانا اور جعل سازی کے امکانات کم کرنا ہے۔
اس فیصلے کا سوشل میڈیا پر بھی خاصا چرچا ہے اور متعدد پراپرٹی پیجز اسے خریداروں اور سرمایہ کاروں کیلئے بڑی تبدیلی قرار دے رہے ہیں۔ تاہم 31 اگست کی آخری تاریخ عام خریداروں کیلئے نہیں بلکہ بنیادی طور پر نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو اپنا ریکارڈ ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرنے کیلئے دی گئی ہے۔
لاہور میں پراپرٹی خریدنے اور فروخت کرنے والوں کیلئے اصل اہم تبدیلی پہلے ہی نافذ ہو چکی ہے۔ لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی سرکاری ویب سائٹ پر موجود عوامی نوٹس کے مطابق ہاؤسنگ سکیموں میں پراپرٹی سرٹیفکیٹ کا نظام یکم جولائی 2026 سے نافذ ہے۔
نئے نظام کے تحت پراپرٹی سرٹیفکیٹ کو ملکیت کے سرکاری ریکارڈ سے منسلک کیا گیا ہے تاکہ کسی پلاٹ یا دوسری جائیداد کی ملکیت کی تصدیق زیادہ آسانی سے کی جا سکے۔
نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی سکیموں میں ہونے والی خرید و فروخت کا مکمل ریکارڈ 31 اگست تک ہاؤسنگ سوسائٹیز مینجمنٹ سسٹم پر منتقل کریں۔ سرکاری ہدایات سے متعلق رپورٹس کے مطابق مقررہ مدت میں عمل نہ کرنے والی سوسائٹیوں کے خلاف ایل ڈی اے ایکٹ 1975 کے تحت کارروائی کی جا سکتی ہے۔
پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی بھی گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹ کو ایسا سرکاری دستاویز قرار دیتی ہے جس کے ذریعے پراپرٹی کی ملکیت اور قانونی حیثیت کی تصدیق کی جا سکتی ہے۔
نئے نظام کا سب سے اہم اثر عام خریدار پر پڑے گا۔ اب صرف کسی پراپرٹی فائل، الاٹمنٹ لیٹر یا ڈیلر کے دعوے پر انحصار کرنے کے بجائے خریدار کیلئے ضروری ہوگا کہ رقم ادا کرنے سے پہلے جائیداد اور متعلقہ ہاؤسنگ سکیم کا سرکاری ریکارڈ بھی چیک کرے۔
ایل ڈی اے کی ویب سائٹ پر منظور شدہ، غیرقانونی اور ریگولر ہاؤسنگ سکیموں کی الگ الگ معلومات کے ساتھ مختلف درخواستوں اور پراپرٹی ریکارڈ کی جانچ کیلئے آن لائن سہولتیں بھی موجود ہیں۔
یہ ڈیجیٹل نظام لاہور کی پراپرٹی مارکیٹ کیلئے اہم ثابت ہو سکتا ہے کیونکہ جعلی یا دوہری فائل، نامکمل ریکارڈ اور ملکیت کے تنازعات خریداروں کیلئے عرصے سے مسئلہ رہے ہیں۔
اب اصل امتحان 31 اگست کے بعد ہوگا کہ کتنی نجی ہاؤسنگ سوسائٹیاں اپنا مکمل ریکارڈ ڈیجیٹل نظام پر منتقل کرتی ہیں اور مقررہ وقت تک عمل نہ کرنے والی سکیموں کے خلاف حکام کیا کارروائی کرتے ہیں۔