تاریخ اشاعت: June 8, 2026 - 5:05 PM
NAB, Punjab Board of Revenue Retrieve 25,444 Kanals of State Land Worth Rs433 Billion Across Province
نیب اور پنجاب ریونیو بورڈ کیساتھ مشترکہ کارروائی، صوبہ بھر میں 433 ارب روپے مالیت کی 25,444 کنال سرکاری زمین واگزار
▫️غیر قانونی قبضوں کے خاتمے کیلئے مشترکہ ٹاسک فورس قائم، شہریوں سے شکایتی پورٹل کے ذریعے معلومات فراہم کرنے کی اپیل
لاہور | ری نیوز پاکستان قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور اور پنجاب بورڈ آف ریونیو (بی او آر) نے مشترکہ کارروائیوں کے نتیجے میں پنجاب کے مختلف اضلاع میں غیر قانونی قبضے سے 25 ہزار 444 کنال سرکاری اراضی واگزار کروا لی ہے، جس کی مجموعی مالی...
قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور اور پنجاب بورڈ آف ریونیو (بی او آر) نے مشترکہ کارروائیوں کے نتیجے میں پنجاب کے مختلف اضلاع میں غیر قانونی قبضے سے 25 ہزار 444 کنال سرکاری اراضی واگزار کروا لی ہے، جس کی مجموعی مالیت تقریباً 433 ارب روپے بتائی گئی ہے۔
یہ اعلان نیب لاہور کے ڈائریکٹر جنرل مرزا فاران بیگ اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نبیل جاوید نے مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سرکاری زمینوں کو واگزار کرانے کے لیے ریونیو ریکارڈ کی تفصیلی جانچ پڑتال، حد بندی، فیلڈ سروے اور مشترکہ آپریشنز کیے گئے، جن کے نتیجے میں زرعی اور تجارتی لحاظ سے انتہائی اہم اراضی کو دوبارہ ریاستی ملکیت میں شامل کیا گیا۔
حکام کے مطابق واگزار کرائی گئی اراضی کی مالیت 433 ارب روپے سے زائد ہے، جو سرکاری املاک کے تحفظ اور غیر قانونی قبضوں کے خلاف جاری اقدامات میں ایک اہم کامیابی تصور کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پیش رفت نیب لاہور اور پنجاب بورڈ آف ریونیو کے درمیان مؤثر ادارہ جاتی تعاون اور مربوط حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران بتایا گیا کہ حکومت پنجاب نے سرکاری اراضی پر قبضوں کے خاتمے، اراضی کے ریکارڈ کی شفاف نگرانی اور واگزار زمین کے مؤثر استعمال یا فروخت کے لیے ایک مشترکہ ٹاسک فورس بھی قائم کر دی ہے۔
حکام نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سرکاری زمینوں پر غیر قانونی قبضوں، تجاوزات یا ریکارڈ میں بے ضابطگیوں کے بارے میں معلومات سرکاری شکایتی پورٹل کے ذریعے فراہم کریں تاکہ ریاستی املاک کے تحفظ اور شفاف انتظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔