تاریخ اشاعت: August 7, 2026 - 2:56 PM
Pakistan Battery Storage Imports Surge 220% as Solar Adoption Expands
پاکستان میں سولر کے ساتھ بیٹری سٹوریج کا رجحان تیز، درآمدات ایک سال میں 220 فیصد بڑھ گئیں
▫️ملک میں تقسیم شدہ سولر صلاحیت تقریباً 38 گیگاواٹ تک پہنچنے کا تخمینہ، گھریلو، کمرشل، صنعتی اور زرعی صارفین میں بیٹری سسٹمز کی طلب بڑھنے لگی
اسلام آباد | ری نیوز پاکستانپاکستان میں سولر بجلی کے تیزی سے بڑھتے استعمال کے ساتھ بیٹری انرجی سٹوریج سسٹمز کی طلب میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ صنعتی اندازوں کے مطابق 2025 میں بیٹری سٹوریج سسٹمز کی درآمدات میں تقریباً ...
پاکستان میں سولر بجلی کے تیزی سے بڑھتے استعمال کے ساتھ بیٹری انرجی سٹوریج سسٹمز کی طلب میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے، جبکہ صنعتی اندازوں کے مطابق 2025 میں بیٹری سٹوریج سسٹمز کی درآمدات میں تقریباً 220 فیصد اضافہ ہوا۔
ٹرینا سولر کے مطابق پاکستان میں سولر سسٹمز کی بڑھتی تعداد کے باعث سولر بجلی کو بیٹری سٹوریج کے ساتھ جوڑنے میں دلچسپی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔ یہ رجحان خاص طور پر بڑے توانائی منصوبوں، کمرشل اور صنعتی مائیکرو گرڈز میں نمایاں ہے۔
توانائی کے شعبے سے متعلق تحقیق کرنے والے اداروں ایمبر اور رینیوایبلز فرسٹ کے اندازوں کے مطابق پاکستان میں رہائشی، کمرشل، صنعتی اور زرعی شعبوں میں تقسیم شدہ سولر بجلی کی مجموعی صلاحیت تقریباً 38 گیگاواٹ تک پہنچ چکی ہے۔
رینیوایبلز فرسٹ کے مطابق پاکستان نے 2025 میں تقریباً 4.6 گیگاواٹ آور کے بیٹری انرجی اسٹوریج سسٹمز درآمد کیے، جو ایک سال پہلے کی درآمدات کے مقابلے میں تین گنا سے بھی زیادہ ہیں۔
توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ بیٹری سٹوریج موجودہ سولر سسٹمز کو زیادہ مؤثر بنا سکتا ہے کیونکہ دن کے وقت پیدا ہونے والی اضافی بجلی کو محفوظ کرکے بعد میں استعمال کیا جاسکتا ہے۔
تاہم بیٹری سٹوریج کے مالی اور تکنیکی فوائد ہر صارف یا ادارے کے سسٹم کے ڈیزائن، بجلی کے استعمال کے انداز اور توانائی کی ضروریات پر منحصر ہوتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق پہلے سے نصب سولر سسٹمز کے ساتھ بیٹری سٹوریج شامل کرنے سے قبل بجلی کے بنیادی ڈھانچے، انورٹر کی مطابقت، بجلی کی طلب، توانائی کے انتظامی نظام اور عالمی حفاظتی معیار کا تکنیکی جائزہ لینا ضروری ہے۔