تاریخ اشاعت: August 19, 2026 - 3:40 PM
Pakistan Installs 286 Early Warning Systems in Valleys Vulnerable to Glacial Lake Floods
پاکستان نے برفانی جھیلوں کے سیلاب سے متاثرہ وادیوں میں 286 وارننگ سسٹم نصب کر دیے
▫️ منصوبے کی مالیت 3 کروڑ 70 لاکھ ڈالر ہو گی، ورننگ سسٹم فعال کر کے پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کر دیا جائے گا
اسلام آباد | ری نیوز پاکستانپاکستان نے شمالی علاقوں میں برفانی جھیلوں کے اچانک پھٹنے سے آنے والے سیلاب اور دیگر موسمی خطرات سے نمٹنے کیلئے پیشگی وارننگ سسٹم کا دائرہ بڑھانا شروع کر دیا ہے۔
پاکستان نے شمالی علاقوں میں برفانی جھیلوں کے اچانک پھٹنے سے آنے والے سیلاب اور دیگر موسمی خطرات سے نمٹنے کیلئے پیشگی وارننگ سسٹم کا دائرہ بڑھانا شروع کر دیا ہے۔
وزارت موسمیاتی تبدیلی کے مطابق گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کی 24 حساس وادیوں میں 286 پیشگی وارننگ سسٹم نصب کیے جا رہے ہیں۔
ان میں 18 وادیاں گلگت بلتستان جبکہ 6 خیبر پختونخوا میں واقع ہیں۔
یہ نظام 3 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کے GLOF-II منصوبے کے تحت نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ برفانی جھیل کے پھٹنے یا سیلاب کے خطرے کی صورت میں مقامی آبادی کو بروقت خبردار کیا جا سکے۔
منصوبے کا مقصد پہاڑی علاقوں میں موسمی آفات سے ہونے والے نقصان کو کم کرنا، نگرانی کا نظام بہتر بنانا اور مقامی آبادی کو زیادہ محفوظ بنانا ہے۔
منصوبہ مکمل ہونے کے بعد یہ وارننگ نظام فعال کر کے پاکستان میٹرولوجیکل ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کیے جانے کا منصوبہ ہے۔
پاکستان کے شمالی علاقوں میں بڑھتے درجہ حرارت اور گلیشیئرز کے تیزی سے پگھلنے کے باعث برفانی جھیلوں سے سیلاب کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔
اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام کے مطابق گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا میں 70 لاکھ سے زیادہ افراد اس خطرے سے متاثر ہو سکتے ہیں۔
حکومت دیگر منصوبوں کے تحت بھی موسمی نگرانی اور پیشگی وارننگ سسٹم بڑھا رہی ہے، جن میں SAFER منصوبہ اور خیبر پختونخوا کے بونیر اور شانگلہ سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس نظام کا مقصد آفات سے پہلے لوگوں کو خبردار کرنا اور حساس آبادیوں کو جانی و مالی نقصان سے بچانا ہے۔