تاریخ اشاعت: July 14, 2026 - 11:55 AM
Punjab Claims Plantation of 50 Million Trees Across More Than 54,000 Acres
پنجاب میں 54 ہزار ایکڑ رقبے پر 5 کروڑ درخت لگائے جائیں گے، بنجر زمینوں کی بحالی جاری
▫️وزیراعلیٰ مریم نواز کے مطابق دو سالہ شجرکاری مہم سبز انقلاب کا آغاز ہے، جنگلات کی نگرانی کیلئے مصنوعی ذہانت، ڈرونز، سیٹلائٹ تصاویر اور جی آئی ایس ٹیکنالوجی کا استعمال
لاہور | ری نیوز پاکستانوزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں 2025 26 کی شجرکاری مہم کی کامیابی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں بنجر زمینوں کو سرسبز جنگلات میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جبکہ پانچ کروڑ سے زائد درختوں کی شجرکار...
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں 2025 26 کی شجرکاری مہم کی کامیابی پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں بنجر زمینوں کو سرسبز جنگلات میں تبدیل کیا جا رہا ہے، جبکہ پانچ کروڑ سے زائد درختوں کی شجرکاری صوبے میں سبز انقلاب کا آغاز ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ نے کہا کہ آنے والے برسوں میں پنجاب جنگلات، صاف ہوا اور دریاؤں کے صوبے کے طور پر پہچانا جائے گا۔ ان کے مطابق دو سالہ شجرکاری مہم صوبے کی تاریخ میں ماحولیات کی بہتری اور جنگلات کی بحالی کیلئے ایک نمایاں کامیابی ہے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پنجاب بھر میں 54 ہزار ایکڑ سے زائد رقبے پر پانچ کروڑ سے زیادہ درخت لگائے گئے ہیں، جبکہ مختلف علاقوں میں درختوں کی 3 ہزار 85 قطاریں بھی قائم کی گئی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اکتوبر 2024 سے جون 2025 تک ہزاروں ایکڑ بنجر زمین کو سرسبز و شاداب لینڈ سکیپ میں تبدیل کیا گیا۔ بہاولپور سے ڈیرہ غازی خان، مری سے مظفرگڑھ، چیچہ وطنی سے فیصل آباد اور رحیم یار خان سے گوجرانوالہ تک شجرکاری اور جنگلات کی بحالی کے مختلف منصوبوں پر کام کیا گیا۔
وزیراعلیٰ کے فراہم کردہ اعدادوشمار کے مطابق مظفرگڑھ کے علاقے غازی گھاٹ میں ایک ہزار 500 ایکڑ پر 18 لاکھ سے زائد درخت لگائے گئے، جبکہ تھل مکسی میں 2 ہزار 91 ایکڑ رقبے پر 5 لاکھ 59 ہزار پودوں کی شجرکاری کی گئی۔
اسی طرح مظفرگڑھ کے علاقے خانانی میں ایک ہزار 470 ایکڑ پر سات لاکھ سے زائد اور گجرات کے علاقے پھکوال میں 200 ایکڑ رقبے پر تقریباً اڑھائی لاکھ درخت لگائے گئے۔
انہوں نے کہا کہ جنگلات کی بحالی کی سرگرمیوں کا دائرہ لال سوہانرا، میانوالی، گوجرانوالہ اور مری سمیت مزید علاقوں تک وسیع کیا جا رہا ہے، جہاں آنے والے مہینوں میں بنجر زمینوں کو جنگلات میں تبدیل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے شجرکاری کو نئی نسل کیلئے ایک تحفہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ اقدامات پنجاب کو سرسبز، صحت مند اور ماحولیاتی طور پر محفوظ صوبہ بنانے کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے کے جنگلات کو غیر قانونی کٹائی، تجاوزات اور آگ سے محفوظ رکھنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی استعمال کی جا رہی ہے۔ محکمہ جنگلات کی جی آئی ایس لیبارٹری کے ذریعے جنگلات اور شجرکاری کے علاقوں کی فضائی اور ڈیجیٹل نگرانی کی جا رہی ہے۔
کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر میں مصنوعی ذہانت سے لیس ڈرونز اور سیٹلائٹ تصاویر کی مدد سے جنگلات کی مانیٹرنگ جاری ہے۔ ڈیجیٹل نگرانی کیلئے لینڈ سیٹ، سینٹی نل، سپاٹ اور ورلڈ ویو جیسی سیٹلائٹ ٹیکنالوجیز استعمال کی جا رہی ہیں۔
وزیراعلیٰ کے مطابق جدید نگرانی کے نظام سے درختوں کی غیر قانونی کٹائی، جنگلاتی زمینوں پر تجاوزات اور آگ لگنے کے واقعات کی فوری نشاندہی ممکن ہوئی ہے، جس سے متعلقہ اداروں کو بروقت کارروائی میں مدد ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگلات قومی اثاثہ ہیں اور ان کا تحفظ پنجاب کے سبز مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے ناگزیر ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ درخت لگا کر نئی نسل کیلئے سرسبز پنجاب کے مشن کا حصہ بنیں۔