تاریخ اشاعت: July 15, 2026 - 3:01 PM
Punjab to Install Panic Buttons at Chinese Residences and Project Sites
پنجاب میں چینی شہریوں کی رہائشگاہوں اور منصوبوں کے مقامات پر پینک بٹن نصب کرنے کا فیصلہ، آ غاز لاہور سے ہوگا
▫️پہلے مرحلے میں لاہور کے 200 سے زائد مقامات پر کیو آر کوڈ سے منسلک جدید ایمرجنسی الرٹ سسٹم نصب کیا جائے گا
لاہور | ری نیوز پاکستانپنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے صوبے بھر میں رہائش پذیر اور مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سکیورٹی مزید مضبوط بنانے کے لیے پینک بٹن منصوبے کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے صوبے بھر میں رہائش پذیر اور مختلف منصوبوں پر کام کرنے والے چینی شہریوں کی سکیورٹی مزید مضبوط بنانے کے لیے پینک بٹن منصوبے کو توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
منصوبے کے تحت چینی شہریوں کی رہائشی کالونیوں، کمپاؤنڈز اور مختلف منصوبوں کے مقامات پر جدید ایمرجنسی الرٹ سسٹم نصب کیا جائے گا، جس کے ذریعے کسی بھی سکیورٹی واقعے یا ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کو فوری اطلاع دی جا سکے گی۔
حکام کے مطابق پینک بٹن دبانے سے ایمرجنسی الرٹ فوری طور پر متعلقہ قانون نافذ کرنے والے اداروں تک پہنچے گا، جس سے اداروں کے درمیان رابطہ بہتر بنانے اور ریسپانس ٹائم کم کرنے میں مدد ملے گی۔
منصوبے کی توسیع کے تحت چینی شہریوں کی حفاظت کی ذمہ دار سپیشل پروٹیکشن یونٹ کو بھی پینک بٹن ٹیکنالوجی سے لیس کیا جائے گا، تاکہ یونٹ کی آپریشنل صلاحیت اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کی استعداد میں اضافہ کیا جا سکے۔
پہلے مرحلے میں لاہور میں چینی شہریوں سے متعلق 200 سے زائد رہائشی اور منصوبہ جاتی مقامات پر کیو آر کوڈ سے منسلک پینک بٹن نصب کیے جائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ نئی ٹیکنالوجی سے سکیورٹی اداروں کو ہنگامی صورتحال پر زیادہ مؤثر اور فوری ردعمل دینے میں مدد ملے گی، جبکہ چینی شہریوں اور اہم منصوبہ جاتی مقامات کے حفاظتی انتظامات بھی مزید مضبوط ہوں گے۔
پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق صوبے میں مقیم چینی شہریوں کی سکیورٹی بہتر بنانے کی وسیع تر کوششوں کے تحت ایمرجنسی الرٹ سسٹم کو مزید جدید اور مؤثر بنانے پر بھی کام جاری ہے۔