تاریخ اشاعت: January 23, 2026 - 11:00 AM
Saudi Arabia opens real estate market to foreign buyers
سعودی عرب نے غیر ملکی خریداروں کے لیے ریئل اسٹیٹ مارکیٹ کھول دی
ریاض: ری نیوز پاکستان | نمائندہ سعودی عرب ارسلان احمد
سعودی عرب نے اپنی ریئل اسٹیٹ مارکیٹ کو غیر ملکی خریداروں کے لیے باضابطہ طور پر کھول دیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق 22 جنوری 2026 سے ہو چکا ہے، جس کے تحت غیر سعودی افراد، غیر ملکی رہائ...
ریاض: ری نیوز پاکستان | نمائندہ سعودی عرب ارسلان احمد
سعودی عرب نے اپنی ریئل اسٹیٹ مارکیٹ کو غیر ملکی خریداروں کے لیے باضابطہ طور پر کھول دیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق 22 جنوری 2026 سے ہو چکا ہے، جس کے تحت غیر سعودی افراد، غیر ملکی رہائشیوں اور بین الاقوامی کمپنیوں کو مملکت میں جائیداد خریدنے اور ملکیت رکھنے کی اجازت مل گئی ہے۔ یہ اقدام ملکی معیشت میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ اور رئیل اسٹیٹ سیکٹر کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔
سرکاری حکام کے مطابق اس فیصلے کا مقصد سعودی عرب کے رئیل اسٹیٹ شعبے میں شفافیت، قانونی تحفظ اور سرمایہ کاری کے مواقع کو وسعت دینا ہے۔ نئے فریم ورک کے تحت غیر ملکی خریدار رہائشی، کمرشل، صنعتی اور بعض منظور شدہ زرعی جائیدادیں خرید سکیں گے، تاہم اس کے لیے متعلقہ ریگولیٹری شرائط اور جغرافیائی زونز کی پابندی لازمی ہو گی۔
نئے قانون کے مطابق غیر ملکی افراد اور اداروں کو پراپرٹی کی خریداری کے لیے سرکاری ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ذریعے درخواست دینا ہو گی۔ سعودی عرب میں مقیم غیر ملکی اپنے رہائشی اجازت نامے کی بنیاد پر براہ راست درخواست جمع کرا سکیں گے، جبکہ غیر مقیم خریداروں کو پہلے سعودی سفارت خانوں یا قونصل خانوں کے ذریعے شناختی عمل مکمل کرنا ہو گا۔ غیر ملکی کمپنیوں کے لیے وزارت سرمایہ کاری میں رجسٹریشن اور مخصوص اجازت نامہ حاصل کرنا ضروری قرار دیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں جائیداد کی ملکیت کے حوالے سے خصوصی ضوابط برقرار رہیں گے، جہاں غیر ملکی ملکیت محدود یا مخصوص شرائط کے تحت ہو گی۔ دیگر بڑے شہروں اور ترقی پذیر علاقوں میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے مواقع نسبتاً زیادہ ہوں گے، خاص طور پر نئے شہری منصوبوں اور کمرشل زونز میں۔
ریئل اسٹیٹ ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے سعودی عرب میں جائیداد کی طلب میں اضافہ، تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کا امکان ہے۔ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی شمولیت سے مارکیٹ میں مقابلہ بڑھے گا اور قیمتوں کے تعین کا نظام مزید منظم ہو سکے گا۔
یہ پیش رفت سعودی وژن 2030 کے تحت کی جانے والی اصلاحات کا حصہ ہے، جس کا مقصد تیل پر انحصار کم کر کے معیشت کو متنوع بنانا اور سعودی عرب کو عالمی سرمایہ کاری کا مرکز بنانا ہے۔ مبصرین کے مطابق غیر ملکیوں کے لیے ریئل اسٹیٹ مارکیٹ کا کھلنا خطے کی رئیل اسٹیٹ تاریخ میں ایک نمایاں اور دور رس اثرات رکھنے والا فیصلہ سمجھا جا رہا ہے