تاریخ اشاعت: November 10, 2026 - 11:01 AM
Riyadh: Investment in Public and Private Housing Projects on the Rise
ریاض: سرکاری اور نجی ہاؤسنگ منصوبوں میں سرمایہ کاری بڑھنے لگی
▫️ ساکانی پلیٹ فارم کے ذریعے تین ماہ میں 15 ہزار سے زائد رہائشی پلاٹ فراہم کئے گئے: سعودی وزارت بلدیات و ہاؤسنگ
عالمی جغرافیائی سیاسی اور معاشی غیر یقینی صورتِ حال کے باوجود سعودی عرب کی رئیل سٹیٹ مارکیٹ سرمایہ کاروں کی توجہ حاصل کر رہی ہے۔
ڈویلپر ادارہ ارادہ نے مقامی کمپنی ایکسٹوپیا کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے سعودی مارکیٹ میں قدم رکھا ہے۔ اس شراکت داری کو زمین اور ترقیاتی مواقع کے 50 ارب ریال (13.3 ارب ڈالر) مالیت کے پورٹ فولیو کی حمایت حاصل ہے۔ دونوں کمپنیوں کا پہلا منصوبہ ریاض کے علاقے الرمال میں 14 ارب ریال کی رہائشی ترقی ہے۔
دوسری جانب ریاض ریجن میونسپلٹی، وزارتِ بلدیات و ہاؤسنگ اور نیشنل سینٹر فار پرائیویٹائزیشن اینڈ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ نے شمالی ریاض میں میونسپل اراضی کی مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبے کے لیے اظہارِ دلچسپی، پری کوالیفکیشن اور تجاویز جمع کرانے کے مراحل شروع کر دیے ہیں۔ نجی شعبے کے ساتھ 50 سالہ شراکت داری میونسپلٹی کا اس طرز کا پہلا منصوبہ ہے۔
اضافی زمین کی فراہمی سے درمیانی مدت میں قیمتوں کا دباؤ کم ہو سکتا ہے، بشرطیکہ پلاٹوں کا محلِ وقوع اور رقبہ حقیقی طلب کے مطابق ہو۔ اس سے ڈویلپرز، ٹھیکیداروں، انجینئرنگ کمپنیوں اور تعمیراتی سامان فراہم کرنے والوں کے لیے بھی کام کے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔
رئیل اسٹیٹ ڈویلپر احمد عمر باسودان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صرف مکانات اور پلاٹوں کی تعداد بڑھانا مارکیٹ کے مسائل حل کرنے کے لیے کافی نہیں۔ ان کے مطابق رہائش خریداروں کی استطاعت کے مطابق ہونی چاہیے، اس کے ساتھ مناسب محلِ وقوع، بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر کی دستیابی اور تعمیراتی لاگت پر قابو بھی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی زمین اور نجی منصوبے بڑھتی آبادی اور شہری پھیلاؤ کے تناظر میں رسد اور طلب میں توازن قائم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہیں۔